پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ حکمرانوں کو سیاست سے نابلد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک چلانا کرکٹ میچ جیسا نہیں، ان کو پتا نہیں سیاست کیسے کرنا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں احتجاج اور جلسے کریں، لیکن ایسا قدم نہ اٹھائیں، جس سے تیسری قوت کو موقع ملے۔
انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کا ضمنی الیکشن، الیکشن نہیں سلیکشن تھا، فافن نے بھی رپورٹ کیا کہ الیکشن میں بے قاعدگی ہوئی، ہم ہر فورم پر انہیں بے نقاب کریں گے۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ آصف زرداری کی صحت تیزی سے خراب ہورہی ہے، لیکن ان کا حوصلہ بلند ہے، عدالتی حکم کے باوجود سابق صدر کو اسپتال منتقل نہیں کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیدی کو تشدد کا نشان بنایا جارہاہے، ہم نے ان ظالموں کے خلاف پہلے بھی سر نہیں جھکایا، آئندہ بھی نہیں جھکائیں گے، الزام سندھ کا، اور کیس پنڈی میں چلایا جارہاہے۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ ان کے ہتھکنڈوں سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، سیاسی جدوجہد جاری رہے گی، یہ لوگ تو سیاسی ہیں ہی نہیں، کٹھ پتلی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج بھی مارشل لا کی صورتحال پیدا ہوئی تو پیپلز پارٹی وہی کردار ادا کرے گی جو پہلے کیا، سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں کہ آپس میں جو بھی کریں، تیسری قوت کو موقع نہ دیں۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ کمزور جمہوریت بھی آمریت سے بہتر ہے، فضل الرحمٰن کے آزادی مارچ کی اخلاقی حمایت اور سپورٹ کرتےہیں، مولانا کے ساتھ ون پوائٹ ایجنڈے پر اتفاق ہے کہ عمران خان کو جانا ہوگا، تاکہ جمہوریت کوبچایا جاسکے۔