• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی سادگی کے چرچے پاکستان کے بعد اب جاپان میں بھی ہورہے ہیں۔

صدرمملکت عام کمرشل فلائٹ سے جاپان پہنچے، وی آئی پی لاؤنج میں جانے سے گریز کیا اور عام لوگوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

جاپانی وزیر اعظم نے بھی سو سے زائد ممالک کے سربراہان مملکت کی موجودگی کے باوجود صدر مملکت سے خصوصی ملاقات کے لیے وقت دے کر دو طرفہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی جو اپنی سادہ لوح طبعیت، سادگی اور شاہانہ شان و شوکت سے پاک طبعیت کے لیے پاکستان میں تو مشہور ہیں ہی، اب جاپان کے حکومتی حلقے بھی صدر مملکت کی سادگی کے معترف ہوگئے ہیں۔

صدر مملکت کے حوالے سے جاپان کے اعلیٰ سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی صدر کی سادگی نے جاپانی حکومت اور عوام کو بہت متاثر کیا ہے، پاکستانی صدر عام کمرشل فلائٹ سے سفر کرتے ہیں، وی آئی پی لاؤنج میں جانے سے گریز کرتے ہیں، عام لوگوں کے ساتھ گھل مل جاتے ہیں، یہ پاکستانی عوام کے لیے رول ماڈل لیڈر ہیں۔

دوسری جانب جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے جو سو سے زائد ممالک کے سربراہان مملکت اور وفود کے میزبان ہیں اور مصروفیات کے باعث بہت زیادہ سربراہان مملکت سے ملاقاتیں کرنے سے قاصر ہیں تاہم صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے جاپانی وزیر اعطم بدھ کے روز خصوصی ملاقات کریں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور ہر گفتگو ہوگی۔

یہ ملاقات پاکستان اور جاپان کے دوستانہ تعلقات کا مظہر ہوگی جبکہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی جاپانی وزیر اعظم کی جانب سے جاپان کے نئے شہنشاہ کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو ہیں۔

صدر پاکستان بدھ کے روز انتہائی مصروف دن گزاریں گے جہاں وہ جاپانی وزیر اعظم کے علاوہ جاپان کی اہم کاروباری تنظیموں کے علاوہ جاپانی پارلیمنٹ کے ارکان سمیت پاکستانی کمیونٹی سے بھی خصوصی خطاب کریں گے۔

صدر مملکت جمعرات کو اپنا دورہ مکمل کرکے واپس پاکستان روانہ ہوجائیں گے۔

تازہ ترین