• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

لال بیگ مارنے کی کوشش میں گھر میں دھماکا

لال بیگ مارنے کی کوشش میں گھر میں دھماکا


اکثر انسان کو گندگی سے اٹے علاقوں اور مقامات پر کیڑوں مکوڑوں کا سامنا رہتا ہے جس میں سب سے زیادہ لال بیگ ہی دکھائی دیتے ہیں، جنہیں مارنے یا بھگانے کے لیے ادویات کا استعمال کیا جاتا ہے۔

لیکن برازیل سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے انہیں مار بھگانے کا انوکھا ہی طریقہ اپنایا۔

سیزر شومٹز نامی اس شخص کے گھر کے پیچھے لان میں لال بیگ نے بڑی تعداد میں حملہ کیا تو اس نے ان کے گُچھے کو جلانے کی ٹھان لی۔

اس نے لان میں موجود لال بیگ کے گُچھے کو جلانے کے لیے پہلے وہاں آگ لگانے والا ایندھن پھینکا اورپھر اس کے بعد اس نے ماچس کے ذریعے اسے جلانے کی کوشش کی۔

اس  کی پہلی کوشش ناکام گئی تو اس نے دوسری مرتبہ پھر ماچس جلا کر پھینکی اور یہ کوشش بھی ناکام ہوگئی، تاہم اسے اپنے ارادوں اور ایندھن کی صلاحیت پر بھروسہ تھا، اسی لیے اس نے تیسری مرتبہ پھر اسے جلانے کے لیے ماچس جلا کر پھینکی۔

اس مرتبہ اس کی کوشش کامیاب تو ہو گئی لیکن اس کا نتیجہ بہت ہی بھیانک نکلا اور پورا ہرابھرا لان ہی دھماکے سے اڑ گیا۔

گھر کے عقب میں موجود سیکیورٹی کمیرے میں اس پوری صورتحال کی مکمل عکس بندی بھی ہوئی اور یہ ویڈیو وائرل ہوگئی۔

موقع پر موجود 2 پالتو جانور بھی اپنی جان بچاتے ہوئے بھاگ کھڑے ہوئے جبکہ یہ شخص بھی محفوظ رہا، اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

اس شخص نے مقامی نیوز چینل کو بتایا کہ اس کی اہلیہ نے شکایت کی تھی کہ لال بیگ نے بڑی تعداد میں ان کے باغیچے پر حملہ کردیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میری اہلیہ ان سے بہت خوفزدہ تھی اور اس نے درخواست کی تھی کہ زیر زمین موجود لال بیگ کے اس مسکن کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے۔

سیزر شومٹز نے پہلے ان پر دوا کا استعمال کیا جس کی وجہ سے وہ اپنے بل سے باہر آنے لگے جس کے بعد اس نے انہیں ختم کرنے کے لیے انہیں جلانے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس شخص کا کہنا تھا کہ کاش میں پہلے اس کے بارے میں سوچ لیتا، مجھے بالکل یہ اندازہ نہیں تھا کہ ایسا ہوجائے گا۔

سیزر شومٹز نے محفوظ رہنے پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں اس کے قریب ہوتا تو قریب موجود ٹیبل یا دیگر چیزوں کی وجہ سے مجھے بھی نقصان ہوسکتا تھا۔

اس شخص کا کہنا تھا کہ لال بیگ کا مسئلہ تو مکمل طور پر حل ہوچکا ہے لیکن اب اسے اپنا باغیچہ دوبارہ سے تعمیر کرنے کی ضرورت ہوگی۔

تازہ ترین
تازہ ترین