• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز دلبرداشتہ، سندھ کی قیادت بھی چھوڑنے کا امکان، بیٹنگ پریکٹس پر توجہ

 کراچی (عبدالماجدبھٹی/اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد دلبرداشتہ سرفراز احمد فی الحال میڈیا اور ٹی وی کیمروں سے دور ہوٹل کے کمرے میں زیادہ وقت گذار رہے ہیں۔ لیکن وہ بیٹنگ فارم کے حصول کے لئے سخت ٹریننگ اور بھرپورپریکٹس کررہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی ٹیم سندھ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پانچ میں سے تین میچ ہارکر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے۔ اس کا اگلا میچ پیر کو ہوگا۔

امکان ہے کہ سرفراز احمد قائد اعظم ٹرافی میں بھی کپتانی نہیں کریں گے۔ اگلے راونڈ میں بھی یہ ذمہ داری اسد شفیق ہی نبھائیں گے۔ جس کے بعد اسد ٹیسٹ سیریز کھیلنے آسٹریلیا جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین کراچی نہیں آئیں گے۔

سرفراز احمد نے اپنی بیٹنگ پریکٹس پر فوکس کرتے ہوئے مزید ایک ہفتہ فیصل آباد میں قیام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وہ فوری طور پر کراچی واپس نہیں آئیں گے ۔

سلیکٹرز کے فیصلوں سے اپ سیٹ سرفراز احمد نے فیصل آباد میں قیام کرتے ہوئے اپنی بیٹنگ پریکٹس جاری رکھی ہوئی ہے تاکہ وہ ایک ہفتے بعد بھرپور انداز میں قائد اعظم ٹرافی میں حصہ لے سکیں۔

وکٹ کیپر و بیٹسمین سرفراز احمد کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد عام کھلاڑی کی حیثیت سے بھی پاکستان کی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعے کے روز سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کی قیادت سے ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔

سرفراز احمد کو انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر کرنے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ پچھلے کچھ عرصے سے ان کی کارکردگی اور اعتماد دونوں متاثر ہوئے تھے۔

تازہ ترین