• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی صحت پر حکومت سیاست کر رہی ہے: مریم اورنگزیب

نواز شریف کی صحت پر حکومت سیاست کر رہی ہے: مریم اورنگزیب



مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صحت پر حکومت سیاست کر رہی ہے۔

سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کی چوہدری شوگر ملز میں احتساب عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے کہا کہ میاں صاحب کی صحت بہتر ہو رہی ہے، تاہم ان کے بیرون ملک علاج کے لیے جانے کی باتوں میں صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے خود ملک کو لاک ڈاؤن کر دیا ہے، پورا ملک مہنگائی کے خلاف احتجاج کر رہا ہے، وزیرِ اعظم عمران خان سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھنا چاہتے ہیں۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ عمران خان سیاسی مخالفین کو اغواء کرا رہے ہیں، نیب اور ترجمانوں کی زبان بندی ہونی چاہیے، پہلے کلثوم نواز کی صحت پر بیانات کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز اور رانا ثناء ﷲ کے بارے میں شہر یار آفریدی نے کہا کہ ویڈیو اور تمام ثبوت موجود ہیں، ویڈیو میں نگرانی اور ریکوری دونوں موجود ہیں لیکن گزشتہ روز اے این ایف نے کہا کہ ہمارا وزیر جھوٹ بولتا ہے، ہمارے پاس کوئی ویڈیو موجود نہیں ہے اور ہمارا کام ہی نہیں ہے ویڈیو بنانا، نہ ہی ہمارے پاس نگرانی کی ویڈیو ہے، اے این ایف حکام نے الزام لگایا کہ کیس میں تاخیر کی وجہ وزارتِ قانون اور وزارتِ داخلہ ہیں۔

ترجمان نون لیگ نے کہا کہ اب تک واٹس ایپ پر تبدیل کیا ہوا جج واپس نہیں آیا ہے، کسی دوسرے جج کو تعینات نہیں کیا گیا، ہماری جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر اس کیس کی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی جج اس لیے تعینات نہیں کیا جارہا کیونکہ روایت چلائی ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکی میں رکھا ہوا ہے، وہ سیاسی مخالفین کو اغواء کرا رہے ہیں لیکن یاد رہے کہ ہم آمر کے دور میں بھی سیاسی چکیوں میں رہ چکے ہیں اور اس کے بعد میاں صاحب تیسری مرتبہ ملک کے منتخب وزیرِ اعظم بھی بن چکے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کوٹ لکھپت جیل کے حکام پر الزام لگایا کہ میاں نواز شریف کی طبیعت بگڑنے کے باوجود انہیں 5 گھنٹے تاخیر سے اسپتال لے جایا گیا، سوشل میڈیا اور میڈیا میں ان کی صحت پر خبریں آنے کے بعد نیب انہیں اسپتال لے گئی، اس وقت پلیٹ لیٹس 16 ہزار تک آگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیئے: ’’نواز شریف کی دوبارہ گرفتاری سے صنعت چل پڑیگی؟‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کی زبان بندی ہونی چاہیے جنہوں نے پہلے کلثوم نواز کی صحت پر بیانات جاری کیے لیکن اب ترجمان نواز شریف کی صحت پر سیاست کر رہے ہیں، موجودہ حکومت کرپشن خود کر رہی ہے اور ڈاکہ ڈال رہی ہے لیکن الزامات مخالفین پر لگاتی ہے۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ مریم نواز کو والد سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا اور اگر یہی ہے تو 22 کروڑ عوام کو بھی ایم پی او کے تحت گرفتار کیا جانا چاہیے۔

تازہ ترین