ٹوکیو (جاپان )اولمپکس 2020 کے لیے قومی ہاکی ٹیم 26 اور 27 اکتوبر کو ایمسٹرڈیم میں ہالینڈ سے مقابلہ کرے گی اور ان دو اہم میچوں سے پہلے جرمنی نے دو میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس کو شکست دی ہے۔
بھرپور توانائی اور اسٹیمنا کے کھیل ہاکی میں ان دنوں جب بین الاقوامی سطح پر ٹیمیں جدید خطوط پر تیاریوں کے مراحل سے گزر رہی ہیں، پاکستان ہاکی ٹیم کا انحصار آج بھی توانائی اور غذائیت کے لیے کھجور اور روح افزاء پر ہے۔
قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ ہاکی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ اولمپئین وسیم احمد نے اس صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت ہےکہ ہمارے استعمال میں بھی کھجور اور روح افزاء ہوا کرتا تھا اور آج بھی کھلاڑی یہی سب استعمال کرتے ہیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے ڈاکٹر اسد عباس شاہ کہتے ہیں کہ کھجور اور روح افزاء کے ساتھ کیفین کا استعمال کر کے ہم کھلاڑیوں کو آئسو ٹانک کے طور پر یہ جز دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روح افزاء سستا ہے، جس کے ساتھ ہم ORS کا بھی استعمال کرتے ہیں جبکہ کبھی کبھی کھلاڑیوں کو توانائی کی غرض سے مشروب Gatorade بھی دئیے جاتے ہیں۔
اب سوال یہ ہے اس سارے معاملے کے بعد قومی کھیل ہاکی کو کیا کسی انقلابی اقدام کی ضرورت ہے؟ یا پھر ہماری ہاکی ٹیم کے کھلاڑی جہاں دنیا کے کھلاڑی توانائی کےلیے Gatorade کی طرز کے مشروب استعمال کر رہے ہیں، کھجور اور روح افزاء کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر فتوحات حاصل کرنے کے خواب دیکھیں گے۔