• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبز چائے سے وزن میں کمی کیسے لائیں ؟

کئی بیماریوں کی جڑ موٹاپا اچھی خاصی شخصیت کو بگاڑ دیتا ہے جس سے خود اعتمادی میں بھی کمی آتی ہے، پتلے ہونے کے خواہشمند افراد سبز چائے کے ذریعے اس سے جان چھڑا سکتے ہیں۔

ماہرین غذائیت کے مطابق سبز چائے میٹا بالزم کے عمل کو تیز کرتی ہے اور وزن گرانے میں مدد گا ر ثابت ہوتی ہے، اگر ورزش اور مناسب غذا کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر 2 کپ سبز چائے پی لی جائے تو موٹاپے میں واضح اور تیزی سے کمی آتی ہے۔



ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ سبز چائے میں کیفین پائے جانے کے باعث اس کا زیادہ استعمال نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے، اگر وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو سبز چائے کے استعمال کے ساتھ میٹھی، مرغن اور زیادہ کیلوریز والی غذاؤں سے مکمل پرہیز کریں ۔

وزن مین کمی لانے کے لیے سبز چائے کا صحیح استعمال:

سبز چائے گرم استعمال کریں

سبز چائے کا صحیح معنوں میں فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں تو اسے گرم پئیں، سبز چائے کو ٹھنڈا کر کے پینے سے یا بار بار گرم کر کے استعمال میں لانے سے اس کے مثبت اثرات زائل ہو سکتے ہیں۔

سبز چائے کی بہترین پتیوں کا انتخاب کریں

سبز چائے کے لیے مارکیٹ میں کئی برانڈز موجود ہیں، اچھے برانڈ کا انتخاب مطلب اچھے پتوں والی سبز چائے جس میں تازہ پتیوں کا استعمال کیا جاتا ہے، اس میں اینٹی آکسیڈنٹ پائے جانے کے باعث جسم سے مضر صحت اجزاء زائل ہو جاتے ہیں جس سے انسان خود کو تروتازہ اور ہلکا محسوس کرتا ہے، پریزرویٹو چائے سے گریز کریں۔

سبز چائے میں لیموں یالیمن گراس کا استعمال

سبز چائے کے ساتھ اگر لیموں کے رس کے چند قطرے اور شہد کا بھی استعمال کر لیا جائے تو اس کے فوائد میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے، سبز چائے کا ذائقہ بدلنے کے لیے اس میں لیمن گراس کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے، اس سے خون میں موجود اضافی شکر چربی کی صورت جمنے کے بجائے زائل ہو جاتی ہے اور وزن میں تیزی سے کمی آتی ہے۔ اس کے علاوہ کولیسٹرول، بلڈ پریشر متوازن رہتا ہے ۔

سبز چائے تازہ پئیں

سبز چائے کے استعمال سے پہلے اس کی ڈبے پر لکھی زائد المیعاد تاریخ ضرور دیکھ لیں ورنہ اس کا استعمال نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے ، سبز چائے کو اُبال کر تھرماس میں محفوظ کرنے کے بجائے صبح یا شام تازہ بنا کر پئیں۔

کھانے پینے کی عادات بدلیں

ماہرین غذائیت کے مطابق سبز چائے سے وزن میں کمی ضرور لائی جا سکتی ہے مگر اسے معجزاتی مشروب نہ سمجھا جائے، بہترین نتائج کے لیے کھانے پینے کی عادات کو بدلنا ہوگا، کم سے کم کیلوریز والی غذائوں کا استعمال کریں۔ چینی، گھی، تیل، چاول اور روٹی کا اعتدال میں استعمال کریں۔ اپنی غذا میں ایک حصہ فروٹ اور سبزیوں کا ضرور شامل کریں۔

اس کے علاوہ جن غذاؤں میں فائبر موجود ہو اُن کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، دن میں کم از کم 8 سے 12 گلاس پانی پئیں، باقاعدگی سے چہل قدمی اور ورزش کریں۔

تازہ ترین