حرا ارسلان
سندھ کا خطہ اپنی قدیم تہذیب و تمدن کے علاوہ گونا گوں خصوصیات کی وجہ سے بھی مشہور ہے،جن میں اس کے روایتی پکوان بھی شامل ہیں۔سندھ کے شہری علاقوں میں رہنے والے لوگ گوشت بڑی رغبت سے کھاتے ہیں ۔لیکن دیہی باشندوں کے لیے یہ جنس، اول تو ان کی قوت خرید سے باہر ہوتی ہے ، دوسرے کھیت اور باغات کی فراوانی کے باعث تازہ سبزیاں باآسانی دستیاب ہوجاتی ہیں، جنہیں وہ انتہائی ذوق و شوق سے کھاتے ہیں۔
سندھی خواتین مختلف سبزیوں کو سندھ کے روایتی انداز میں پکاتی ہیں جن کا ذائقہ شہر میں پکائی جانے والی سبزیوں سے قطعی مختلف ہوتا ہے۔ پالک کا ساگ ہر جگہ لوگ شوق سے کھاتے ہیں لیکن سندھی خواتین نے اس ساگ کو روایتی انداز میں پکاتی ہیں جو صدیوں سے اسی طریقے پکایا جاتا ہے ۔ شہری خواتین کے استفادے کے لیے ذیل میں روایتی سندھی پالک بنانے کا طریقہ پیش کیا جارہا ہے۔
اجزا: پالک کی دو گٹھیاں، تین چائے کے چمچے خوردنی تیل، پیازکی ایک گٹھی، دس سے بارہ عددہری مرچیں ، ادرک کا ایک ٹکڑا، ایک گٹھی میتھی، ایک گٹھی ہر ا دھنیا ،تین عدد سرخ پکے ہوئے ٹماٹر،،ایک چائے کا چمچہ ہلدی، ڈیڑھ چائے کے چمچے پسا ہوا دھنیا ،سادہ پانی ایک کپ ، ایک کپ دہی ،دو چائے کے چمچے کے برابر دیسی گھی (بگھاردینے کے لئے)لہسن پانچ جوئے، ہینگ چٹکی بھر، نمک حسب ذائقہ:
پہلے لہسن کے جوئے چھیل لیں۔ ہری مرچیں اور ادرک کاٹ کرتینوں چیزوں کو سل پر پیس لیں ۔میتھی اور پالک کو اچھی طرح دھوکر باریک باریک کاٹ لیں ۔ ٹماٹر بھی دھو کر کاٹ لیں جب کہ دہی کو اچھی طرح پھینٹیں۔ ادرک کا چھلکا اتار کر باریک کاٹ لیں۔تیل کو کڑاہی میں گرم کریں اور لہسن ہری مرچیں اور ادرک کے پیسٹ میں حسب ذائقہ نمک ڈال کر بھونیں۔
جب یہ آمیزہ سرخی مائل ہو جائے تو کٹا ہوا پالک، میتھی، ہلدی ،ٹماٹر، پسا ہوا دھنیا، کڑاہی میں ڈال کراس میں ایک کپ پانی ڈالیںاور پکنے کو رکھ دیں اور اتنی دیر ہلکی آنچ پہ پکائیں کہ پانی خشک ہو جائے اور میتھی پالک اچھی طرح نرم ہو جائے۔ اب اس میں پھینٹا ہوا دہی ڈال کر لکڑی کی ڈوئی سے دبا دبا کر میتھی، پالک اور دہی کا گاڑھا پیسٹ تیار کریں۔
اسکے بعد فرائنگ پین میں دو چائے کے چمچے دیسی گھی گرم کریں باریک کٹی ہوئی ادرک سنہری کر کے ہینگ کی چٹکی اس میں ڈال کر اچھی طرح ملا کر پکے ہوئے پالک کو بگھار دیں۔ پالک بگھارنے کے بعد فوراکڑاہی کوََ ڈھکنے سے ڈھانپ دیں اور پانچ منٹ تک ہلکی آنچ پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔پانچ منٹ بعد اسے چولہے سے اتار کرچپاتی کے ساتھ نوش فرمائیں۔