مولانافضل الرحمان کی سربراہی میں جمعیت علمائے اسلام ف کا آزادی مارچ لاہور سے گوجرانوالہ کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت مارچ کی حامی جماعتوں کے رہنماؤں نے گریٹر اقبال پارک کے نزدیک آزادی چوک میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر حکومت کو گھر بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی مدت اقتدار میں نااہل ثابت ہو گئی ہے، اپنا حق مانگنے والوں کو آج اسلام آباد کی سڑکوں پر گھسیٹا جا رہا ہے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے نوازشریف کی صحت کے لیے دعا کی اور کہا کہ احتساب کے نام پر سیاستدانوں کو پابند سلاسل کرنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔
آزادی مارچ کے لاہور میں ہونے والے جلسے میں پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ، سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور اویس نورانی نےاپنے خطاب میں حکومت اور حکومتی اقدامات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
جمعیت علمائے اسلام ف کا آزادی مارچ رات گئے لاہور پہنچا تھا، جہاں پر مارچ کے شرکاء نے گریٹر اقبال پارک میں رات گزاری۔
لاہور میں شاہدرہ چوک پر مسلم لیگ ن کی جانب سے جے یو آئی کے آزادی مارچ کا استقبال کیا گیا۔
اس مو قع پر سر براہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ شاہدرہ چوک پر جس طر ح سے مسلم لیگ ن نے ان کا استقبال کیا ہے، اس پر ہم دل کی گہرائیوں سے اُن کے شکر گزار ہیں۔
اس موقع پر ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔
کراچی سے شروع ہونے والا جے یو آئی کا آزادی مارچ اپنی حتمی منزل اسلام آباد کی طرف گامزن ہے۔