• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویمنز ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے بنگلا دیش کو کلین سوئپ کردیا

پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش ویمنز ٹیم کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی باآسانی شکست دے کر پہلی مرتبہ کلین سوئپ کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ 

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے تیسری اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستانی ٹیم مہمان ٹیم پر حاوی رہی۔ 

پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر117 رنز اسکور کیے۔

جویریہ خان 54 اور عمیمہ سہیل 31 رنز بناکر نمایاں رہیں۔

بنگلادیش کی جانب سے جہاں آرا عالم نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کی وجہ سے 118 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش ویمن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز ہی بنا سکی اور یوں اسے 28 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مہمان ٹیم کی بلے باز نگار سلطانہ نے 30 اور فرغانہ حق نے 27 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے انعم امین اور صبا نذیر 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے نمایاں بولرز رہیں۔ 

بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر پاکستان کی جویریہ خان کو میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔

بنگلا دیش کی جہاں آرا عالم اور پاکستانی کپتان بسمہ معروف کو مشترکہ طور پر پلیئرز آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ دو طرفہ سیریز میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے پہلی مرتبہ 0-3 سے کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان اور بنگلا دیش کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ دو نومبر کو کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین