• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان وویمن ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش وویمن ٹیم کو شکست دے دی

پاکستان وویمن کرکٹ ٹیم نے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش وویمن ٹیم کو شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان وویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ فیصلہ اس وقت درست ثابت نہ ہوسکا جب 3 اوورز میں 15 کے مجموعے پر پاکستان ٹیم جوریہ خان اور سدرہ امین جیسی باصلاحیت کھلاڑیوں کی وکٹوں سے محروم ہوگئی۔

کپتان بسمہ معروف نے عمیمہ سہیل کے ہمراہ ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو خسارے سے نکالا اور 60 رنز کی شراکت قائم کی۔

بسمہ معروف 34 رنز بنا کر 75 جبکہ عمیمہ سہیل 33 رنز بنا کر 79 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئیں۔

ارم جاوید کے 21 اور سدرہ نواز کے برق رفتار 16 رنز کی مدد سے پاکستان وویمن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 126 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے کامیاب بولر جہاں آرا عالم رہیں جنہوں نے 17 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور اس کی دونوں اوپنرز تیسرے اوور میں 6 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئیں۔

مہمان ٹیم کی رومانہ احمد دیگر ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ شراکتیں قائم کرتے ہوئے ٹیم کو جیت کی جانب لے گئیں تاہم پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کی وجہ سے مہمان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز ہی بناسکی جس کے ساتھ ہی پاکستان 14 رنز سے کامیاب ہوگیا۔

قومی ٹیم کی انعم امین 2 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہیں جبکہ ڈیانا بیگ، عالیہ ریاض، سعدیہ اقبال، کائنات امتیاز اور بسمہ معروف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان وویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کو 33 رنز بنانے اور ایک وکٹ لینے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی قومی وویمن کرکٹ ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل ہوگئی۔

میچ کے دوران شائقین کی بڑی تعداد دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لیے اسٹیڈیم میں موجود تھی۔

شائقین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر خوشی ہے، اب مزید ٹیموں کو بھی پاکستان میں کھیلنے کے لیے آنا چاہیے۔

تازہ ترین