لیاقت پور ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت کے بعد میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں ہیں۔
جمعرات کی صبح کراچی سے پنڈی جانےوالی تیز گام ایکسپریس حادثے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی گئیں ہیں۔ پاکستان ریلوے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق تیزگام میں آگ گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث لگی۔
ریلوے پولیس خان پور ملتان ڈویژن نے دفعہ 126 ، 427 اور 436 کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔گزشتہ صبح پیش آئے حادثےمیں74 افراد جاں بحق اور 82 زخمی ہوگئےتھے۔
حادثے میں زخمی ہونےوالے 17افراد کو اس وقت شیخ زید اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے، جن میں سےچار کی حالت تشویش ناک ہے۔ بہاولپور وکٹوریہ اسپتال میں 12، لیاقت پور اسپتال میں 4 اور ملتان کے نشتر اسپتال میں 5اور برن یونٹ میں 4زخمی زیر علاج ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ٹرین حادثہ: جاں بحق افراد کی تعداد 74 ہوگئی
رحیم یارخان کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سے سترہ افراد کی شناخت ہوچکی ہے، شناخت کے بعدان کی متیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں ہیں۔
ٹرین حادثےمیں جاں بحق ہونےوالے 58 افراد ایسے بھی ہیں جن کی اب تک شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سخاوت رندھاوا کےمطابق فرانزک لیب کی ٹیم نے لاشوں کے نمونے لے لیے ہیں اور ممکنہ لواحقین سے میچ کیے جائیں گے۔
لاشوں کو کول سینٹر میں ٹیگ نمبر لگا کر رکھا گیا ہے۔