سابق وفاقی وزیر داخلہ اور ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے استفسار کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور کے لیے سکھ زائرین کے پاسپورٹ کی شرط ختم کیوں کی؟
رہبر کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے اہم فیصلے پر سوال اٹھادیئے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل بارڈر عبور کرنے کے لیے پاسپورٹ کی شرط لازم ہے، وہ سکھ زائرین کے لیے ختم کیوں کی گئی؟
احسن اقبال نے مزید کہا کہ میرا حلقہ نارووال ہے، جس میں کرتارپور آتا ہے، میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ بھارتی شہریوں کو پاکستان کی حدود میں پاسپورٹ کے بغیر آنے کی اجازت کیسے دی؟
سابق وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ پاسپورٹ کے بغیر بین الاقوامی سرحد پر انٹری دینا اسٹیٹس کو تبدیل کرنا ہے، جس کے دور رس اثرات ہوسکتے ہیں۔