وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما انعام الحق نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کا آزادی مارچ پاکستانی عوام کے خلاف ایک سازش ہے، مہنگائی دنیا کےہر ملک میں ہے، بلاول بھٹو آصف زرداری، اسفند یار ولی، شہباز شریف، نوازشریف ودیگر افراد قوم کا لوٹا پیسہ واپس کرنے کے بجائے اور مقدمات سے توجہ ہٹانے کے لئے مولانا فضل الرحمٰن کو استعمال کر رہے ہیں۔ قوم باشعور ہے اور ان لٹیروں کا محاسبہ کرے گی۔ انعام الحق نےکہا پی ٹی آئی کی قیادت کو چاہئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے استعفے اورغیر قانونی آزادی مارچ کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں اٹھائے۔ مولانا فضل الرحمٰن کورٹ میں بتائیں وہ کونسی وجوہات کی بنیاد پر ملک میں نئے انتخابات اور وزیراعظم پاکستان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کیا جو بھی اسمبلی انتخابات میں ہار جائے وہ ملک میں آزادی مارچ شروع کر دے۔ مولانا فضل الرحمٰن کے والد مولانا مفتی محمود نے جمہوریت کے نام پر ملک میں طویل مارشل لگوایا۔ آج بھی یہی صورتحال ہے، پاکستان میں نام نہاد لانگ مارچ ایک فیشن بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے نام پر پاکستان کی اندرونی صورتحال کے پیش نظر بھارت کو پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کا موقع مہیا کیا گیا۔ بھارت نے کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا کسی بھی ایک جماعت نے بھارت کے غیرآئینی اقدامات کی مذمت نہیں کی۔