• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی،صدرممنون،چوہدری نثار

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سیاسی ومذہبی رہنمائوں نے لاہوردھماکے کی شدیدمذمت کرتےہوئےجانی نقصان پر افسوس کااظہارکیاہے،اورکہاہے کہ معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، صدر مملکت ممنون حسین نے دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے انتہا پسندوں کو متنبہ کیا کہ ان کی بزدلانہ کارروائیاں انتہا پسندی کے خلاف قوم کا عزم متزلزل نہیں کرسکتیں اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا،انھوں نے لاہور میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی کے خلاف قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ کرکے پاکستان کے ہر شہری کی جان و مال کو محفوظ بنا دیا جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگردی کا شکار ہونے والے ہم وطنوں کو بے آسرا نہیں چھوڑا جائے گا، حکومت ان کا مکمل تحفظ کرے گی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نےبھی قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہارکیاہے۔انہوںنے غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ جبکہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نےکہا کہ دھماکہ امن اور انسانیت کے دشمنوں کی جانب سے کیا گیاانہوں نےشہید ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔علاوہ ازیں عمران خان،سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ،سردار یار محمد رند ،تحریک دفاع پاکستان کے سربراہ زاہد بختاوری ،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری ،اے پی ایم ایل کےڈپٹی سیکرٹری اطلاعات چوہدری اسد محمود نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔  
تازہ ترین