• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹڈی دل بہاولپور سے ڈیرہ ڈویژن تک پھیل گیا‘ سیکڑوں ایکڑ فصلیں متاثر

ڈیرہ غازی (نمائندہ جنگ) ٹڈی دل بہاولپور سےڈیرہ ڈویژن تک پھیل گیا ہے جس سے سیکڑوں ایکڑ فصلیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ محکمہ زراعت کے حکام نے کسانوں کو ڈھول‘ٹین اور پٹاخے بجاکر ٹڈی دل کو بھگانے کا مشورہ دیا ہے اورن لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری اویس لغاری نے کہاہے کہ جنوبی پنجاب دو ہفتوں سے ٹڈی دل کی زد میں ہے‘ ہزاروں ایکڑ رقبہ پر کھڑی ہری بھری فصلیں تباہ ہوگئی ہیں لیکن نا اہل وفاقی وصوبائی ٗحکومتوں نےکسانوں کو ٹین بجانےکےبھاشن دینے کےسوا خود کوئی انسدادی اقدامات نہیں اٹھائےجس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نےکہاکہ بہاولپور ڈویژن سے شروع ہونے والا 3کلو میٹر چوڑا اور10کلو میٹر طویل ٹڈی دلو ں کا لشکر فصلوں کو تباہ کرتاآگے بڑھتا جا رہا ہے دو روز سے ضلع ڈیرہ غازی خان میں داخل ہو چکا ہے لیکن ابھی تک نہ وفاقی حکومت کے کانوں پر کوئی جوں رینگی ہے نہ ہی پنجاب حکومت نے کوئی انسدادی اقدامات اٹھائے حالانکہ فضائی سپرے کے ذریعے اس آفت پر قابو پایا جا سکتا ہے‘ ان دھوکےباز نا اہل حکمرانوں کوچلو بھر پانی میں ڈوب مرجا نا چاہئے‘یہ صوبہ توکیا بنائیں گے جنوبی پنجاب کو ٹڈی دل کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔انہوں نے فوری فضائی سروے اور متاثرہ کسانوں کومعاوضہ دینےکامطالبہ کیا۔ چنی گوٹھ اور گردونواح میں ٹڈی دل کے حملہ سے سیکڑوں ایکڑ پر کاشتہ فصلیں متاثرہوئیں‘ محکمہ زراعت کی ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئیں۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ظفر یاب کے مطابق ٹڈی دل کا رخ بلوچستان کی طرف ہےیہاں نقصان کا اندیشہ نہیں‘معلوم ہوا ہے کہ ٹڈی دل نےچنی گوٹھ کے علاقوں حاصل لاڑ‘احمد نائچ‘ محمد نائچ، مہند سمیت دیگر علاقوں میں یلغار کر دی جس سے سیکڑوں ایکڑ پر کاشت کپاس‘ چاول‘ گنا اورچارےکی فصلیں تباہ ہو رہی ہیں‘ادھر ڈائریکٹر جنرل زراعت پنجاب ظفر یاب بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ یہاں پہنچ چکے ہیں‘ڈی جی زراعت نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئےبتایاکہ ٹڈی دل کو ڈھول بجا کر بھگایا جا سکتا ہے‘5کلومیٹر کے ایک غول میں کروڑوں کی تعداد میں ٹڈی دل ہوتی ہیں‘12 گھنٹوں میں 200کلومیٹر سفر کرتی ہیں اور اب واپس ساحلی علاقوں کی طرف جا رہی ہیں۔ادھرہیڈراجکاں اور گردونواح کے چکوک میں ٹڈی دل کے حملے سے کپاس اور چارے کی فصلات کو کافی نقصان پہنچا ہے جسکی وجہ سے زمیندار کافی پریشان ہیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید کی ہدایت پر ڈائریکٹرز جنرل زراعت ڈاکٹر انجم علی بٹراورظفریاب حیدر کا جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ‘مقصد کاشتکاروں کو ٹڈی دل کی موجودہ صورت حال بارے رہنمائی کرنا اور محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشنز کی ٹڈی دل کی سرویلنس کا جائزہ لینا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ سید ظفر یاب حیدرنےلیاقت پور‘خان پور‘رحیم یارخان اور صادق آباد کا دورہ کیا۔ادھرڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب ڈاکٹر انجم علی بھٹہ نےنواحی مواضعات بیٹ خان والا میں کاشتکاروں سے گفتگو میں بتایاہمارے مواضعات ڈنگہ کورائی‘بیٹ کان والا‘بھنبھو سندھیلہ جزوی طور پرٹڈی دل کی زد میں آئے مگر یہاں نقصان بہت ہی کم ہوا‘ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈی جی خان عبدالغفورغفاری‘ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مظفرگڑھ یوسف الرحمٰن‘اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع جتوئی تحصیل طاہر بھٹی‘زراعت آفیسران ملک محمد خالد‘ اکرم خان و دیگر موجود تھے۔
تازہ ترین