• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن میں تقسیم کا تاثر دینا جدوجہد کیلئے بہتر نہیں ہوگا، احسن اقبال

”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کی گفتگو


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن میں تقسیم کا تاثر دینا ہماری جدوجہد کیلئے بہتر نہیں ہوگا،سربراہ رہبر کمیٹی اکرم درانی نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے اپنے تمام مطالبات رکھ دیئے ہیں، سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف نیب چوہدری شوگر ملز کیس میں اعلیٰ عدالت کو مطمئن نہیں کرسکی، دوسری طرف حکومت اسحاق ڈار کیخلاف انٹرپول کومطمئن نہیں کرسکی ہے، دو اہم کیسز میں تحقیقاتی اداروں کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑا حالانکہ ان دونوں کیسز میں بہت بڑے بڑے دعوے کئے گئے تھے۔سربراہ رہبر کمیٹی اکرم درانی نے کہا کہ رہبر کمیٹی کی حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے تفصیلی گفت و شنید ہوئی ہے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے اپنے تمام مطالبات رکھ دیئے ہیں، حکومتی کمیٹی وزیراعظم اور قیادت سے مشاورت کے بعد منگل کو ہمیں جواب دے گی، حکومتی ٹیم سے منگل کو تین بجے دوبارہ ملاقات ہوگی، ہمارا آزادی مارچ جاری ہے تمام سیاسی جماعتوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہم نے حکومتی کمیٹی سے وزراء کے بیانات سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ مستقبل کی حکمت عملی مشترکہ اپوزیشن اتحاد کے ساتھ مل کر وضع کریں گے، اپوزیشن میں تقسیم کا تاثر دینا ہماری جدوجہد کیلئے بہتر نہیں ہوگا، اے پی سی میں مشترکہ حکمت عملی طے کرنے پر زور دیا ہے تاکہ موثر طریقے سے آگے بڑھیں، دیگر جماعتیں اس حوالے سے اپنی قیادت سے مشاورت کررہی ہیں، امید ہے کسی مشترکہ پوائنٹ پر رضامند ہوجائیں گے، آزادی مارچ کے چار نکات کی مکمل سیاسی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں نے مل کر آزادی مارچ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تھا، دھرنے کیلئے بھی اپوزیشن جماعتوں کومشترکہ فیصلہ کرنا چاہئے، رہبر کمیٹی کے ذریعہ اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے، ن لیگ میں کوئی تقسیم نہیں ہے نہ نواز شریف کی قیادت پر اختلاف ہے، ن لیگ میں سب نواز شریف کے نظریے اور قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں،ن لیگ میں تقسیم کا تاثر دینا اپوزیشن میں دراڑیں ڈالنے کے مترادف ہے، اس قسم کی گفتگو کی ہمیں حوصلہ شکنی کرنی چاہئے۔ احسن اقبال نے کہا کہ آزادی مارچ میں ن لیگ کی شمولیت کسی دوسر ی جماعت سے کم نہیں ہے، آزادی مارچ کے مرکزی اجتماع میں جے یو آئی کے بعد سب سے بڑی شرکت ن لیگ کی تھی، مسلم لیگ ن جمہوری عمل کو آگے بڑھانے اور نئے انتخابات کی جدوجہد میں پرعزم ہے، ن لیگ نے اس کیلئے جتنی قربانی دی ہے کسی اور جماعت کی اتنی قربانی نہیں ہے، ن لیگ پر کوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا کہ ہماری جدوجہد میں کوئی کمی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ن لیگ سے کوئی گلہ نہیں کیا ہے،اے پی سی میں مولانا مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں سے خوش نظر آئے، مریم نواز اس وقت اپنے والد کی تیمارداری کیلئے یکسو ہیں۔

تازہ ترین