جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہمارے مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جائے، مذاکرات سے انکاری نہیں مگر یہ بامعنی ہونے چاہییں، درمیانی راستے کی تجاویز حکومت پیش کرے ہم غور کریں گے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے چودھری پرویز الہٰی اور چودھری شجاعت سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمٰن نے چودھری پرویز الہٰی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات سے انکار نہیں کرتے، مسئلے کا حل نکلنا چاہیے، امید ہے کہ جلد مسئلے کا حل نکلے گا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ وزیراعظم فورا استعفا دے دیں، نئے الیکشن کا اعلان کریں، بنیادی مطالبات پر عملدر آمد کیا جائے، دیگر مطالبات پر بات چیت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو صاحب نے الیکشن کا مطالبہ تسلیم کیا تھا، موجودہ حکمران ان سے بڑے نہیں۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا کسی پروٹوکول کا پابند نہیں، چودھری شجاعت ہماری رہنمائی کرسکتے ہیں، چودھری شجاعت لاہور سے تشریف لائے، یہ ملک کو بچانے کے جذبے کے تحت ہوا، جب کسی ملک کی کشتی ڈوبتی ہے، ہم سب ڈوبتے ہیں۔
اس موقع پر چودھری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ ان شاءاللّٰه جلد حل نکلے گا۔