کراچی /پشاور(اسٹاف رپورٹر/نمائندہ جنگ )قومی گیمز میں شر کت کے لئے ملک کے مختلف صوبوں اور اداروں کی ٹیمیں پشاور پہنچنا شروع ہوگئی ہیں۔ مقابلے دس نومبر سے شروع ہوں گے۔کھیلوں کے تمام مقامات پر سیکیورٹی عملے کو ڈیوٹی پر مامور کردیا گیا ہے۔ سندھ کا دستہ جمعرات کو روانہ ہوگا ۔ نیشنل گیمز کے لئے سندھ کے دستے کے آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا۔ پاکستان شوٹنگ بال فیڈریشن کے صدر آغا سہیل احمد دستے کے چیف ڈی مشن جبکہ انجینئر محفوظ الحق اور ثنا علی ڈپٹی چیف ڈی مشن ہونگے ۔ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے خازن سید سعید جمیل اورخالد رحمانی سندھ کے دستے کے خازن کے طور پر دستے میں شامل ہیں۔نیشنل گیمز کےآغاز میں چار دن باقی رہ گئے، پشاور کے قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں مختلف گیمز کیلئے کھلاڑیوں کی پریکٹس جاری ہے۔ گیمز میں شرکت کیلئے ملک بھر سے کھلاڑی پشاور پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ سینئر وزیر برائے کھیل وثقافت محمد عاطف خان نے ڈائریکٹوریٹ آ ف اسپورٹس کو تمام کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات دینے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی اسپورٹس اسفندیار خٹک نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز مقررہ شیڈول کے مطابق 10 سے 16 نومبر تک منعقد ہوں گی، تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے ، 32مختلف کھیلوں میں 10 ہزار سے زائد مرد و خواتین اتھلیٹس شرکت کریں گے۔ نو سال بعد خیبرپختونخوا میں ہونے والی نیشنل گیمز کیلئے صوبائی حکومت نے 18کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ گیمز کے لئے قیوم اسپورٹس کمپلیکس کی تزئین وآرائش کا کام جاری ہے۔ پشاورشہر کے مختلف مقامات پر خیر مقدمی بینرز لگائے جارہے ہیں۔ گیمز کی افتتاحی تقریب 10 نومبر کو ہوگی جس میں عام لوگوں کو بھی شرکت کا موقع دیا جائے گا اس سلسلے میں شہریوں کو دعوت نامے جاری کئے جارہے ہیں جس کے لئے قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں باقاعدہ ٹکٹ بوتھ قائم کیا گیا ہے جہاں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر رجسٹریشن کے بعد دعوت نامے جاری ہونگے۔ افتتاحی تقریب میں داخلہ مفت ہوگا تاہم رجسٹریشن ضروری ہے جس کے لئے نام اور شناختی کارڈ نمبر کا اندراج کیا جائیگا۔ نیشنل گیمز میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اور منتظمین کی سیکورٹی کے لئے قیوم اسٹیڈیم ،طہماس فٹ بال گرائونڈ اور حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں سیکورٹی خفیہ کیمرے لگانصب کر دیئے گئے۔ ڈائریکٹوریٹ سپورٹس کے فوکل پرسن برائے سیکورٹی جمشید بلوچ کا کہنا ہے کہ قیوم اسٹیڈیم میں 32 جبکہ طہماس خان اسٹیڈیم اور حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں 16,16کیمرے نصب کئے گئے ہیں،جن کےذریعے گرائونڈز کے اندر اور باہر 24گھنٹے نگرانی کی جارہی ہے ، قیوم اسٹیڈیم میں پہلے سے بھی 16کیمرے نصب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیمز کی چار دیواری پر خار دار تاریں لگائی گئی ہیں، کیمروں کی نگرانی کیلئے چار مختلف کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔