• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: جعلی سفیر کا 12 پاسپورٹس پر 40 ممالک کا سفر، 20 بینک اکاؤنٹس

بھارتی ریاست یو پی کے شہر غازی آباد میں جعلی سفارت خانہ چلانے کے الزام میں گرفتار ہرش وردھن جین سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس کے پاس 12 سفارتی پاسپورٹ تھے جن پر وہ 40 ممالک کا دورہ کر چکا ہے۔

اتر پردیش اسپیشل ٹاسک فورس (یو پی ایس ٹی ایف) کے نوئیڈا یونٹ نے غازی آباد میں چلنے والے ایک غیر قانونی سفارت خانے کا پردہ فاش کیا اور ہرش وردھن جین کو گرفتار کر لیا، جو کوی نگر میں ایک کرائے کے مکان میں غیر قانونی طور پر خود ساختہ ملک ویسٹارکٹیکا کا سفارت خانہ چلا رہا تھا۔

اس سے قبل بھارتی اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ اتر پردیش اسپیشل ٹاسک فورس (یوپی ایس ٹی ایف) نے ہرش وردھن جین کے خلاف بلیو کارنر نوٹس حاصل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے اور اس کی پولیس کسٹڈی ریمانڈ کے لیے درخواست دی ہے، جس کا مقصد اس کی بیرونِ ملک سرگرمیوں اور مالی روابط کی تحقیقات کرنا ہے۔

یہ اقدام اس وقت سامنے آیا تھا جب تفتیش کاروں نے بتایا کہ انہیں ایسے شواہد ملے ہیں جو 2002ء اور 2004ء کے درمیان ترک شہری سید احسان علی کی جانب سے جین کو 20 کروڑ روپے کے مبینہ مالی لین دین کی نشاندہی کرتے ہیں، اس کے علاوہ جین کے بینک اکاؤنٹس کی ایک توسیع شدہ فہرست بھی سامنے آئی تھی جن کی کل تعداد اب بھارت میں 12 اور بیرونِ ملک 8 ہے، جن میں 5 اکاؤنٹس دبئی میں، 2 لندن میں اور ایک ماریشس میں ہے۔

ایک اور بھارتی اخبار نے تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ جین نے برطانیہ، متحدہ عرب امارات، ماریشس، ترکی، فرانس، اٹلی، بلغاریہ، کیمرون، سوئٹزر لینڈ، پولینڈ، سری لنکا اور بیلجیئم کا دورہ کیا تھا۔

ایس ٹی ایف کے نوئیڈا یونٹ کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جین کمپنیوں اور افراد کو بیرونی ممالک میں نوکریاں دلوانے کے جھوٹے وعدے کر کے بھاری رقم وصول کرنے کے فراڈ میں ملوث تھا۔

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ جین اپنی شیل کمپنیوں کے کام کاج کو منظم کرنے اور رابطہ کاری کے لیے اکثر کئی خلیجی اور یورپی ممالک کا دورہ کرتا تھا۔

ان میں سے کچھ کمپنیوں میں ہرش وردھن جین نے خود کو سیکریٹری، جبکہ دیگر میں اس نے خود کو ڈائریکٹر ظاہر کیا تھا، اس نے گزشتہ 10 سال میں تقریباً 40 ممالک کا دورہ کیا تھا جن میں صرف متحدہ عرب امارات کے 30 سے زائد دورے شامل ہیں۔

47 سالہ جین کو مبینہ طور پر اپنے کرائے کے گھر سے ایک جعلی قونصل خانہ چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ وہ ویسٹارکٹیکا، سیبورگا، لاڈونیا اور پالویا جیسی غیر تسلیم شدہ مائیکرو نیشنز (چھوٹی خود ساختہ ریاستوں) سے متعلق سفارتی حیثیت کا دعویٰ کر رہا تھا۔

ہرش وردھن جین فی الحال عدالتی حراست میں ہے اور کوی نگر پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف دھوکا دہی، جعل سازی، قیمتی سیکیورٹی کی جعل سازی اور جعلی دستاویزات یا الیکٹرانک ریکارڈز کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
دلچسپ و عجیب سے مزید