• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’شادی کرلو، بوڑھی ہو رہی ہو‘ کہنے والے کو زرین خان کا کرارا جواب

بالی ووڈ اداکارہ زرین خان نے حال ہی میں انسٹاگرام پر عمر پر طنز کرنے والے ایک صارف کو کرارا جواب دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انسٹاگرام صارف نے زرین خان کی پوسٹ پر تبصرہ کیا تھا کہ ’شادی کر لو، بوڑھی ہو رہی ہو‘۔

اسے نظر انداز کرنے کے بجائے زرین خان نے ذہانت اور وضاحت سے اس بات کا جواب دے دیا۔

ویڈیو میں زرین خان نے عمر سے متعلق دقیانوسی تصورات کو چیلنج کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ شادی کو اکثر زندگی کے مسائل کا علاج کیوں سمجھا جاتا ہے؟


اداکارہ نے خواتین کی خود مختاری کی حمایت کی اور اس خیال پر تنقید کی کہ شادی خوشی کی ضمانت ہے، انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کیسے خاص طور پر بھارتی معاشرے میں شادی کو ہر چیز کا علاج سمجھا جاتا ہے۔

زرین نے سوال کیا کہ جب کوئی شخص ناکارہ ہو یا اپنی زندگی میں کچھ نہیں کر رہا ہو تو خاندان اکثر حل کے طور پر ’شادی کروا دو‘ کا سہارا کیوں لیتے ہیں؟

انہوں نے پوچھا کہ یہ کیسے مددگار ہو سکتا ہے؟ اگر کوئی اپنا خیال نہیں رکھ سکتا تو اس صورتِ حال میں ایک اور شخص کو شامل کرنے سے کچھ ٹھیک نہیں ہو گا، بلکہ یہ شادی کا فیصلہ ایک کی بجائے دو زندگیاں برباد کر سکتا ہے۔

زرین خان نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ بہت سے گھرانوں میں آج بھی خواتین کی خود مختاری کو ایک خطرہ سمجھا جاتا ہے، اگر کوئی لڑکی بہت زیادہ خود مختار یا اپنی رائے رکھنے والی بن جائے تو خاندان والے گھبرا جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ ہمارے ہاتھ سے نکل رہی ہے اور پھر اس کا حل یہی ہوتا ہے کہ اس کی شادی کر دو۔

آخر میں انہوں نے سوال کیا کہ کیا شادی کوئی جادو ہے؟ جہاں تک میں دیکھتی ہوں، آج کل زیادہ تر شادیاں بمشکل دو یا تین ماہ چلتی ہیں، لہٰذا شادی ہر مسئلے کا حل نہیں ہے۔

زرین خان نے اپنے کیریئر کا آغاز 2010ء کی فلم ویر سے سلمان خان کے مدِمقابل کیا تھا، جس پر انہیں طویل عرصے عوامی تنقید کا سامنا رہا ہے، اس میں ان کا کترینہ کیف سے غیر منصفانہ موازنہ بھی شامل ہے۔

اداکارہ نے دیگر فلموں ہاؤس فل 2، ہیٹ اسٹوری 3 اور1921ء میں اپنی اداکاری سے اپنی الگ شناخت قائم کی، ہندی سنیما کے علاوہ انہوں نے پنجابی، تامل اور تیلگو فلموں میں بھی کام کیا ہے۔

زرین اکثر جسمانی ساخت پر تنقید اور سماجی توقعات کے خلاف آواز اٹھاتی رہی ہیں، وہ آخری بار 2021ء میں فلم ہم بھی اکیلے تم بھی اکیلے میں نظر آئی تھیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید