• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دادو: پی ایس 86 پر ضمنی انتخاب، ووٹنگ جاری

سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل جوہی پر مشتمل صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 86 پر ضمنی انتخاب میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، پولنگ کا وقت صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔

دادو: پی ایس 86 پر ضمنی انتخاب، ووٹنگ جاری


تحصیل جوہی میں آج ایک بار پھر انتخابی میدان سج گیا، پیپلز پارٹی کے غلام شاہ جیلانی کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 86 دادو 4 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور 4 آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی نے مرحوم ایم پی اے غلام شاہ جیلانی کے بیٹے پیر صالح شاہ جیلانی کو ٹکٹ دیا ہے، صالح شاہ جیلانی اور تحریک انصاف کے امداد حسین لغاری کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 86 دادو 4 جوہی کے 158 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جس کی تمام تیاریاں گزشتہ روز ہی مکمل کرلی گئی تھیں۔

الیکشن کا سامان اور عملہ پاک فوج اور رینجرز کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچا دیا گیا تھا، پولنگ کے دوران فوج اور رینجرز کے 1100 جوان اور پولیس کے 1300 اہل کار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں جو پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: پی پی کو اپنے گڑھ لاڑکانہ میں شکست

ایس ایس پی دادو فرح رضا ملک کے مطابق حلقے میں 158 پولنگ اسٹیشنز میں سے 10 انتہائی حساس اور 62 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

ضمنی انتخاب کے سلسلے میں آج ضلع بھر میں عام تعطیل کی گئی ہے۔

تازہ ترین