• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارمش خان

پیارے بچو! دنیا بہت سے ممالک ہیں، ان میں سے بیشتر کا نام تو آپ نے ضرور سنا ہوگا ،مگر کچھ ایسی ریاستیں اور خطے بھی ہیں، جن کے بارے میں بیشتر لوگ نہیں جانتےیہ ریاستیں یا ملک رقبے میں بہت چھوٹے ہیں اور کئی جگہ تو چند افراد ہی رہائش پذیر ہیں۔آج ہم آپ کو ایسے ہی دس چھوٹے ترین ممالک کے بارے میں بتائیں گے، جن کی آبادی بہت کم ہے۔

جمہوریہ پلاؤیہ

یہ ملک تین سو سے زائد جزیروں پر مشتمل ہے اور زمین کے چند حیرت انگیز مقامات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے. اس کے برساتی جنگلات منفرد اقسام کے پودوں اور پرندوں سے بھرا ہوا ہے، اس ملک کا رقبہ 459 اسکوائر کلومیٹر ہے، جبکہ یہاں کی آبادی 21 ہزار سے زائد ہے۔

نیووے

261.46 اسکوائر کلومیٹر رقبے پر پھیلے ننھے سے جزیرے پر مشتمل اس ملک کی آبادی 1190 ہے جو کہ جنوب مغربی بحرالکاہل میں واقع ہے. اس کا دارالحکومت درحقیقت ایک چھوٹا سا گاؤں ہے، جہاں چھ سو سے بھی کم افراد رہائش پذیر ہیں، مگر اس ملک کا اپنا ائیرپورٹ اور بس ایک سپرمارکیٹ بھی ہے۔

سینٹ کیٹز و ناویس

یہ امریکا کے قریب کیریبین جزائر پر مشتمل 261 اسکوائر کلومیٹر رقبے پر پھیلا ملک ہے، جس کی آبادی پچاس ہزار سے زائد ہے. یہاں ڈھائی لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری کرکے کوئی بھی شہریت حاصل کرسکتا ہے ،جبکہ چار لاکھ ڈالرز کی جائیداد بھی یہاں کی شہریت دلوا دیتی ہے۔

پرنسپلٹی آف ہٹ ریور

یہ انتہائی چھوٹا ملک صرف 75 اسکوائر کلومیٹر پر واقع ہے، جہاں تیس افراد مقیم ہیں، جو کہ آسٹریلیا میں اسی نام کے صوبے میں واقع ہے، لیونارڈ کیسلے نے اپنے اس فارم کو نئی خودمختار ریاست قرار دیا، حالانکہ کسی اور ملک نے اسے تسلیم نہیں کیا ،مگر پھر بھی یہاں کی اپنی کرنسی، مہریں اور پاسپورٹ وغیرہ ہیں۔

تووالو

اس ملک کا رقبہ تو صرف 26 اسکوائر کلومیٹر ہے، مگر یہاں کی آبادی دس ہزار سے زائد ہے. یہ دنیا کے سب سے چھوٹے اور غریب ترین ممالک میں سے ایک ہے۔

ناورو

یہ دنیا کی سب سے چھوٹی آزاد جمہوریہ اور جزیرے پر مشتمل ریاست ہے، جس کا رقبہ 21 اسکوائر کلومیٹر جبکہ آبادی 9500 سے زائد ہے. یہاں کوئی دارالحکومت نہیں اور نہ ہی پبلک ٹرانسپورٹ نظر آتی ہے بلکہ سڑکوں پر لوگ اپنی گاڑیاں ہی چلاتے ہیں۔

پرنسپلٹی آف سیبورگا

پانچ اسکوائر کلومیٹر سے بھی کم رقبے کے اس ملک میں 312 افراد رہائش پذیر ہیں، یہ درحقیقت اٹلی کا ایک حصہ ہے، جہاں ایک خاندان حکمرانی کررہا ہے. یہ غیرتسلیم شدہ ریاست تین افراد پر مشتمل فوج بھی رکھتی ہے، جن میں سے ایک وزیر دفاع اور دو سرحدی محافظ ہیں۔

جمہوریہ مولوسیا

محض 0.055 اسکوائر کلومیٹر رقبے پر مشتمل اس ملک کی آبادی صرف سات افراد پر مشتمل ہے، یہ امریکی ریاست نیوڈا میں کیون بوف نامی شخص نے قائم کی، جس کا اپنا ترانہ اور جھنڈا بھی ہے. یہاں سنگین جرائم پر سزائے موت بھی دی جاسکتی ہے جبکہ اپنے پاسپورٹ اور خلائی پروگرام بھی ہے.

ویٹیکین سٹی سے ہٹ کر روم کے اندر ایک اور ننھی ریاست بھی قائم ہے، جس کا رقبہ تو صرف 0.012 اسکوائر کلومیٹر ہے ،مگر یہاں ایک لاکھ سے زائد افراد مقیم ہیں، اس نے تین

عمارات پر قبضہ کیا ہوا جن میں سے دو روم میں، جبکہ ایک مالٹا میں ہے،اس کی اپنی کرنسی، مہریں، ویب سائٹ اور پاسپورٹس ہیں۔

پرنسپلٹی آف سی لینڈ

گر یہ کہا جائے کہ یہ دنیا کی سب سے چھوٹا ملک ہے تو غلط نہیں ہوگا، اس غیر تسلیم شدہ ملک کا رقبہ محض 0.004 اسکوائر کلومیٹر ہے اور یہاں 27 افراد مقیم ہیں، یہ برطانیہ کے ساحل سے چھ میل دور واقع ایک سمندری پلیٹ فارم ہے، جہاں ایک خودساختہ شہزادہ رجنٹ حکمرانی کرتا ہے اور اس ریاست کی ویب سائٹ سے کوئی بھی چند سو پاؤنڈ کا خرچہ کرکے اپنے لیے نواب، بیرن یا ڈیوک کا خطاب حاصل کرسکتا ہے۔

تازہ ترین