برمنگھم (ابرار مغل) مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے سیکرٹری جنرل اور آزاد کشمیر اسمبلی کے اوورسیز رکن راجہ جاویدا قبال نے کہا ہے کہ قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف نے قیدوبند کی بدترین صعوبتیں برداشت کرکے ثابت کردیا کہ جمہوریت کی بقاء اور ووٹ کی عزت کے لئے قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ طبی بنیادوں پر ضمانت اور سزا معطلی احسن اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صاحبزادہ فاروق القادری کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق کونسلر راجہ ایاز خان ایڈووکیٹ کی صدارت میں منعقدہ اس استقبالیہ تقریب میں مختلف شخصیات نے بھی شرکت کی۔ راجہ ایاز خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف تین بار پاکستان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں، ان کے ساتھ ناروا سلوک اگر ریت بن گئی تو آنے والے سابق وزراء اعظم کیسے محفوظ رہ سکیں گے۔ صاحبزادہ فاروق القادری نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کی ضمانتوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سیاسی انتقام اپنی جگہ ہے لیکن انسان کی جان سب سے قیمتی ہے۔