سکھوں کے کرتارپور گوردوارہ میں صوفی پنجابی شاعر ’بابا بلھے شاہ‘ کا کلام پڑھنے والے فقیر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
گزشتہ دِنوں چیئرمین سینٹرل فلم سینسر بورڈ دانیال گیلانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک معمولی سا فقیر اپنی سُریلی آواز میں کرتارپور گوردوارے میں ’بابا بلھے شاہ‘ کا خوبصورت کلام پڑھ رہا ہے۔
دانیال گیلانی نے فقیر کی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’یہ فقیر کرتارپور میں ’بلھے شاہ‘ کے کلام کے ذریعے تصوف کا پیغام دے رہا ہے۔‘
اُنہوں نے کیپشن میں مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’کیا آپ کو لگتا ہے کہ یہ فقیر، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے مماثلت رکھتا ہے؟
یہ بھی پڑھیے: ’’کرتارپور، دنیا کا سب سے بڑا گوردوارہ‘‘
اُن کی اِس ویڈیو کو ٹوئٹر صارفین کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے اور صارفین نے اُن کی اِس ویڈیو پر اپنا ردِ عمل بھی دیا۔
یہ بھی پڑھیے: 1971 کی پاک بھارت جنگ میں گوردوارہ کرتار پور تباہ ہونے سے کیسے بچا؟
مرزا بابر نامی صارف نے لکھا کہ ’سر کیا مماثلت نکالی ہے، جی ہاں اِس کی شکل مودی جیسی ہے۔‘
دیسی پاکستان نامی صارف نے لکھا کہ ’بہت خوب، یہ مودی سے ملتا ہے۔‘
پروفیسر راجہ نامی صارف نے فقیر کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’ کلام پڑھنے والے نے بھی کلام پڑھنے کا حق ادا کردیا ہے۔‘
ایک صارف نے لکھا کہ ’پاکستان میں اب تک تصوف موجود ہے۔‘
پرویز نامی صارف نے لکھا کہ ’لاجواب ٹیلنٹ اور کلام بھی حیرت انگیز پڑھا ہے۔‘
عماد نامی صارف نے لکھا کہ ’کلام کے الفاظ روح کو چُھونے والے ہیں۔‘
واضح رہے کہ سکھوں کے کرتارپور میں گوردوارہ دربار صاحب کا باضابطہ افتتاح وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے آج بابا گرونانک دیوجی کے 550ویں یوم پیدائش کے موقع پر کیا جائے گا۔