• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے محمد آصف نے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی

لاہور (نمائندہ جنگ) پاکستان کے محمد آصف نے آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔

انہوں نے اپنا عالمی ٹائٹل کشمیریوں کے نام کردیا،یہ ٹائٹل انہوں نے دوسری بار جیتا، ترکی کے شہر انتالیہ میں جاری عالمی سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے نمبر ون محمد آصف نے فلپائن کے جیفری روڈا کو 5-8 سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کی۔

سیمی فائنل میں محمد آصف نے تھائی لینڈ کے کرتسانوت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-7سے کامیابی حاصل کی، اس سے قبل آج ہی کوارٹر فائنل میں آصف نے تھائی لینڈ کے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔

پاکستان کے محمد آصف نے گروپ میں تمام میچز جیتے، پھر راؤنڈ آف سکسٹی فور، راؤنڈ آف تھرٹی ٹو اور پھر پری کوارٹر فائنل جیتا۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آئی بی ایس ایف ورلڈسنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر محمد آصف کو مبارکباد دی ہے۔

پاکستان کے محمد آصف نے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی


کراچی سے شکیل یامین کانگا کے مطابق محمد آصف نے دوسری بار ورلڈ چیمپئن شپ جیتی ہے اس سے قبل محمد آصف نے 2012ء میں بلغاریہ کے شہر صوفیہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو شکست دیکر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ 

ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد محمد آصف کا کہنا تھا کہ کامیابی اپنی قوم اور کشمیری بھائیوں کے نام کرتا ہوں، ایک مشکل ایونٹ تھا، مخالف نے اچھا مقابلہ کیا لیکن اپنی فارم کو دیکھتے ہوئے امید تھی کہ ایک مرتبہ پھر عالمی چیمپئین بن جاؤں گا۔ 

پی بی ایس اے کے کوچیئرمین عالمگیر شیخ نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ محمد آصف کی واپسی پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔ 

2012میں عالمی چیمپئن بننے کے بعد محمد آصف سرکاری پالیسی کے مطابق ایک کروڑ روپے کے انعام سے محروم رہا تھا لیکن اس بار ہم پوری کوشش کریں گے کہ انہیں انعامی رقم ملے۔

تازہ ترین