مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق قیاس آرائیاں نہ کی جائیں، نوازشریف کی صحت سے متعلق اطلاع پارٹی ترجمان یا ڈاکٹر عدنان دیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نواز شریف کی طبیعت سے متعلق پارٹی ترجمان یا ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے علاوہ کسی کی اطلاع کو بغیر تصدیق نہ چلایا جائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ای سی ایل سے نام نکلوانے نکالنے کے عمل کی غیر یقینی نے ڈاکٹروں کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں،نواز شریف کی موجودہ صحت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹرز مشکل میں ہیں کہ ان کے پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لیے مزید اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دیں یا نہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی مقدار سفر کے قابل بنانے کے عمل میں ان کی جان کے لیے خطرات مزید بڑھ رہے ہیں، اسٹیرائڈز کی بار بار کی ہائی ڈوز محمد نواز شریف کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
ترجمان نون لیگ نے کہا کہ وقت ضائع ہوتا رہا تو محمد نواز شریف کی صحت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، اسٹیرائڈز کی ہائی ڈوز کے منفی اثرات محمد نواز شریف کے دیگر عوارض کو پیچیدہ بنا رہے ہیں۔