• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پشاور (نیوز ڈیسک) صوبائی حکومت کے احکامات پر پشاور میں کسان منڈیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ کمشنر پشاور ڈویژن شہاب علی شاہ نے دلزاک روڈ پر طہماس خان فٹبال سٹیڈیم کے قریب کسان منڈی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان‘ اسسٹنٹ کمشنر پشاور سارہ رحمان‘ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر آصف اقبال‘ ٹی ایم او ٹائون ون سلیم خان سمیت محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر جاوید مقبول‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ساجد خان‘ ایگریکلچر آفیسر حامد عثمان و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کمشنر پشاور ڈویژن نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اب تک کل 30 کسان منڈیاں قائم کر دی گئی ہیں اور مزید قائم کی جارہی ہیں، کسان منڈی میں عوام کو سستی سبزیاں اور پھل فراہم کئے جائیں گے اور ان منڈیوں میں آڑھت‘ کمیشن‘ مارکیٹ فیس وغیرہ سے پاک نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ جس میں کسانوں کو ان کی زرعی پیداوار کا مناسب معاوضہ جبکہ عوام کے لئے سستی سبزیاں و پھل خریدنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں ناگمان چارسدہ روڈ‘ سیفن کوہاٹ روڈ اور دلزاک روڈ پر تین کسان منڈیاں قائم کر دی گئی ہیں جبکہ دیگر قائم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان منڈی قائم کر نے کا مقصد عوام کو سستی سبزی و پھلوں کی فراہمی ہے اور ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت ان منڈیوں کی دیکھ بھال اور نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سستی اشیاء اور سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
تازہ ترین