کراچی کے علاقوں ایف سی ایریا اور لائنز ایریا کے بعد شیر شاہ میں بھی پاگل کتے نے علاقہ مکینوں پر حملہ شروع کر دیا ہے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
شیر شاہ میں پاگل کتے کے کاٹنے سے 3 افراد زخمی ہو گئے، علاقہ مکینوں نے علاقے میں فوری طور پر کتا مار مہم شروع کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پاگل کتے کے کاٹنے کا واقعہ رات گئے پیش آیا جس میں 3 شہری زخمی ہو گئے۔
علاقے کے رہائشی بزرگ کے مطابق مذکورہ پاگل کتے کے حملے سے خواتین اور بچے بھی محفوظ نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بچے اسکول جانے کے لیے نکلتے ہیں یا خواتین گھروں سے باہر نکلتی ہیں تو یہ پاگل کتا ان پر حملہ آور ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: 4 سالہ بیٹی کو کتے سے بچاتے ہوئے باپ ریبیز کا شکار
بزرگ نے مزید بتایا کہ یہ پاگل کتا خاص طور پر رات گئے گھروں کو لوٹنے والے علاقہ مکینوں کو اپنا شکار بناتا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پورے کراچی بالخصوص شیرشاہ میں کتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جسے کنٹرول کرنے کے لیے بھرپور کتا مار مہم شروع کی جائے۔