• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: لائنز ایریا میں کتے کا حملہ، 3 افراد زخمی

کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں کتے کے کاٹنے سے 3 افراد زخمی


کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں آوارہ کتے نے گزشتہ رات نوجوان پر حملہ کر کے اس کے جسم کے مختلف حصوں پر کاٹ لیا، اسی کتے کی جانب سے مزید 2 افراد کو کاٹے جانے کی اطلاع بھی ملی ہے۔

ایف سی ایریا کے بعد لائنز ایریا میں بھی آوارہ کتا شہریوں پر حملہ آور ہو گیا۔

رات گئے عثمانیہ مسجد کے قریب کتے نے نوجوانوں پر حملہ کر دیا جن میں سے ایک نوجوان عبداللّٰہ شدید زخمی ہو گیا، جسے زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

کتے کے حملے سے متاثرہ نوجوان عبداللّٰہ کی حالت انتہائی خراب تھی۔

لائنز ایریا کے رہائشی رات بھر گلیوں میں ڈنڈوں سے لیس ہو کر حملہ آور کتے کو تلاش کرتے رہے تاہم مذکورہ کتا نہ مل سکا۔

رات گئے مزید 2 افراد کو لائنز ایریا میں اسی آوارہ کتے نے کاٹ لیا، ان افراد کو بھی جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بینظیر آباد میں کتے کے کاٹنے کے بعد ریبیز میں مبتلا 55 سالہ خاتون کو کراچی کے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا جو گزشتہ روز انتقال کر گئیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں کتے کے کاٹنے سے خاتون انتقال کر گئیں

اس سے قبل 14 اور 15 اکتوبر کی درمیانی شب کراچی کے علاقے ایف سی ایریا میں ایک پاگل کتے نے پولیس اہلکار سمیت 25 افراد کو کاٹ لیا تھا۔

سونے پہ سہاگہ یہ ہے کہ شہریوں کو سرکاری اسپتالوں میں کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کی دوا (ویکسین) بھی نہیں ملی تھی۔

کتے کے کاٹے کے تمام افراد کو کراچی کے مختلف اسپتالوں میں ویکسین لگائی گئی تھی جبکہ مذکورہ کتا ایف سی ایریا کی جھاڑیوں میں مردہ پایا گیا تھا۔

وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سندھ میں ہی نہیں پورے ملک میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی کمی ہے تاہم کراچی میں اس ویکسین کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافے کے بعد شہر میں فوری کتا مار مہم چلانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں کتا مار مہم نہ چلائے جانے کے جان لیوا اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، حکومت اس مسئلے پر ہنگامی طور پر کوئی فیصلہ کرے۔

تازہ ترین