• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے امیدوار عمران خان نے تباہی پھیلا دی، آسٹریلیا اے 122 پر فارغ

  پرتھ (جنگ نیوز) فاسٹ بولر عمران خان سینئر نے پہلے ٹیسٹ سے قبل تباہ کن اسپیل کرتے ہوئے 32رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط امیدوار بن گئے۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں428رنز بنائے جواب میں پاکستانی بولرز نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، آسٹریلیا اے کی پوری ٹیم 122رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان نے 313رنز کی برتری حاصل کرلی۔32سالہ عمران خان کی ڈیڑھ سال کے بعد پاکستانی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے انہوں نے اپنی بولنگ سے ہر ایک کو متاثر کیا انہوں نے پانچ وکٹ بارہ اوورز کے اسپیل میں لئے۔ میچ کے بعد عمران خان نے کہا کہ پاکستان ٹیم سے باہر رہ کر اپنی بولنگ اور فٹنس پر بہت کام کیا تھا آسٹریلیا آکر اپنی بولنگ پر بولنگ کوچ وقار یونس کے ساتھ بہت کام کیا۔ عمران خان نے کہا کہ پلان یہی تھا کہ ڈاٹ گیندیں کراوں اور انہیں غلطی پر مجبور کروں۔ آسٹریلیا اے کے بیٹسمینوں کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھا کر بولنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں کنڈیشنز کبھی آسان نہیں ہوتی۔ آف اسٹمپ کی لائن پر اٹیک کیا۔ کوشش کی کہ رن نہ دوں اور اسی کوشش میں وکٹ ملی۔ عمران خان نے کہا کہ پانچ وکٹیں لے کر خوشی ہوئی کوشش کروں گا کہ سائیڈ میچ کی کارکردگی کو ٹیسٹ میچ میں بھی دھرائوں۔ منگل کو دوسرے دن کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کےسات رنز بنائے تھے۔ اظہر علی اور شان مسعود بالترتیب 1اور 4رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا اے کے کیمرون بین کرافٹ 49 اور میرڈیتھ 19 رنز بنا کر نمایاں رہے، آسٹریلوی ٹیم کے 7 بیٹسمین ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ عثمان خواجہ 6، ٹریوس ہیڈ 13، الیکس کیری بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ مائیکل نیسر 2اور رچرڈسن کو صفر پر عمران خان سینئر نے آؤٹ کیا۔ پاکستان کے عمران خان سینئر نے آدھی آسٹریلوی ٹیم کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین شاہ آفریدی اور اسپنر افتخار احمد نے بھی دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 428 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ بابر اعظم 157 اور اسد شفیق 119 رنز بنا کر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے اور دوسرے بیٹسمینوں کو کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔ افتخار احمد اور وکٹ کیپر محمد رضوان 6، 6رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یاسر شاہ نے 53رنز کی شاندار اننگز کھیلی، شاہین شاہ آفریدی 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلیا اے کے رچرڈسن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مائیکل نیسر اور میرڈیتھ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

تازہ ترین