• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قبائل کی زمینوں پر قبضہ کسی صورت قبول نہیں، بی این پی

کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد لقمان کاکڑ نے کہا ہے کہ یاسین زئی اقوام کی زمینوں پر ڈاکہ کسی صورت قبول نہیں، محکمہ معد نیات سے زمینیں الاٹ کر کے ہاوسنگ اسکیم کو فروخت کی جا رہی ہیں، خشکا بہ شمالی وجنوبی ہنہ اوڑک میں ہزاروں ایکڑ الاٹ شدہ زمینیں اپنے نام کروائی گئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یاسین زئی قبائل کے عمائدین سے گفتگو میںکیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم قبائل کا استحصال کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔ لینڈ مافیا کی پشت پناہی کی جا رہی ہے، خشکا بہ شمالی وجنوبی ہنہ یاسین زئی قبیلے کی تین ذیلی شاخوں کی ملکیت ہے، بندوبست میں قبائل کو یکسر نظرانداز کیا گیا صرف انہی لوگوں کو نوازا گیا جو اثرو رسوخ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں اتنی غربت ہے کہ اکثر لوگوں کے پاس مزدوری کرنے شہر آنے کا کرایہ تک نہیں ہوتا ۔ لینڈ ما فیا کے خلاف پہلے بھی انتظامیہ کو کئی درخواستیں دی جاچکی ہیں مگر تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا انتظامیہ اور نیب سے مطالبہ ہے کہ بندوبست کے عمل کو روک کر تمام زمینوں کی از سر نو طے شدہ واجب العرض کے مطابق تقسیم یقینی بنائی جائے اور بے قاعدگیوں میں ملوث تمام عناصر کو سزا دی جائے ۔
تازہ ترین