• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضورﷺ کے محبت کے پیغام کو تمام مذاہب تک پہنچایا جائے، صدیق مصطفائی

فرینکفرٹ(سیّد اقبال حیدر)12ربیع الاول کے سلسلے میں سالانہ مشعل بردار جلوس کا آغازمسجد پاک دارلاسلام فرینکفرٹ میںباجماعت نماز مغربین کے بعد ہوا۔ خوش گلو قاری بابر چشتی نے اپنے مخصوص انداز میں قرآت قرآن پاک سے ماحول کو معطر کردیا،مقامی نعت خواں حضرات نے نعت خوانی کی،منتظم اعلیٰ حامد شاہ نے جلوس کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نظم و ضبط ،امن محبت اخلاق کا درس دیتا ہے، ہمیں ان اسلامی اصولوں کی پاسداری کرکے آقا ﷺ سے وفاداری کا ثبوت دینا ہے۔فرینکفرٹ شہر کی مرکزی شاہراہ سے گذرنے والے مشعل بردار پرامن جلوس کا جرمن شہریوں نے پرتحسین انداز سے استقبال کیا۔صرف پاکستانی ہی نہیں فرینکفرٹ میں مقیم عرب،ترک ،فغانی مسلمانوں نے بھی جلوس میں بھرپور شرکت کی اور وقفہ وقفہ سے مائک لیکر ختمی مرتبت حضرت محمد ﷺ کی ثناخوانی کی۔سینکڑوں افراد پر مشتمل مشعل بردار جلوس میں معززین شہربھی شریک ہوئے، اس موقع پرعلامہ صدیق مصطفائی نے کہا آقا ﷺ تشریف لائے تو ہر طرف برائیوں کا ہجوم تھا،حضور صلعم نے اپنے اخلاق و کردار سے ان برائیوں کا خاتمہ کیا محبت وبھائی چارہ کا پیغام دیا ہے ہمیں آقا کے اسی پیغام کو ہر خاص و عام تک پہنچانا ہے ،طفیل بٹ نے کہا ہمارا عید میلاد النبی کا مشعل بردار جلوس جرمنی ہی نہیں یورپ کا مقبول و محبوب جلوس بن گیا ہے اس میں حضرت محمد ﷺ کے چاہنے والے جوق درجوق شرکت کر رہے ہیں ۔ جرمنی میں مقیم معروف عالم دین علامہ عبدالطیف چشتی نے خطاب میں کہا جہاں جہاں اللہ کی ربوبیت ہے وہاں وہاں میرے آقا ﷺ کی رحمت ہے،جو شخص اللہ اور ختمی ٔ مرتبت ﷺکی نبوت پر ایمان لایا اس کے لئے رحمت ہی رحمت ہے، اور انکے منکرین کے لئے عذاب ہے آپ صلعم کی رحمت زمان و مکاں،دوست دشمن،انسان حیوان سب کے لئے ہے ،ہمارا بھی فرض ہے کہ آقا ﷺ کے احکامات و فرمودات پر دل سے عمل کریں،اس دیار غیرمیں اپنے اٹھنے بیٹھنے ،رہن سہن سے ایسا مثبت تاثر دیں کہ غیر مذاہب کے لوگ ہمیں تحسین آمیز نظروں سے دیکھتے ہوئے بے اختیار کہہ اٹھیں کہ یہ آخری نبی ﷺ کے پیروکار ہیں۔ مدنی مسجد اوفن باخ کے خطیب علامہ عرفان مدنی نے دعائے خیر کرتے ہوئے کشمیریوں کی رہائی اور پاکستان کی سلامتی کے لئے پردرد انداز میں دعائے خیر کی۔جلوس کے نظم و ضبط برقرار رکھنے میں طفیل بٹ،سید عمران شاہ،ثقلین نقوی،بابر چشتی،سید وسیم عباس،سید صفدر شاہ،حاجی نذر حسین،عمران شاہ ،راشد شاہ، بابر سجاد ،ابرار نقوی فاروق بٹ نے اہم کردار ادا کیا۔جلوس کے اختتام پر سید حامد شاہ نے جرمن پولیس،ادارہ منہاج القرآن اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین