• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ عائزہ خان آج کل تقریباً ہر چینل پر اور ہر ڈرامے میں ہی نظر آرہی ہیں۔ پچھلے ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران ان کی مقبولیت میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے۔

عائزہ خان کی مقبولیت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ اُن کے بےشمار مداح ہیں جبکہ عائزہ بھی اپنے مداحوں کو فیملی کی طرح ٹریٹ کرتی ہیں اور اُنہیں زیادہ سے زیادہ وقت دینے کی کوشش بھی کرتی ہیں۔ عائزہ خان کا شمار اُن اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو اپنی پروفیشنل اور نجی زندگی کو ساتھ لے کر چلتی ہیں۔

عائزہ خان کے کچھ مشہور ڈرامے


عائزہ خان سے متعلق چند اہم دلچسپ انکشافات سامنے آئی ہیں ، جو شاید بہت کم لوگ ہی جانتے ہوں گے۔

عائزہ ایک گھریلو خاتون:

اداکارہ کا کہنا ہے کہ اُنہیں خود کے ’گھریلو‘ ہونے پر بہت فخر ہے، اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا انہیں بے حد اچھا لگتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر دانش تیمور اور بچوں کی ہر خوشی بھرپور طریقے سے مناتی ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ اُن کے بہت کم دوست ہیں جو بالکل اُن کے خاندان کی طرح ہیں، اُن کے ساتھ بھی انہیں وقت گزارنا اچھا لگتا ہے، وہ خاص اپنے دوستوں کے لیے وقت نکالتی ہیں۔

لوگوں کے سامنے رونا نہیں آتا

اداکارہ کا کہنا ہے کہ انہیں آسانی سے رونا نہیں آتا۔ اسی لیے اُن کو کوئی بھی رونے والا سین کرنے میں کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ انہیں لوگوں کے سامنے رونا نہیں آتا۔

دن کی شروعات صبح 6 بجے

عائزہ خان نے بتایا کہ اُن کے دن کی شروعات روزانہ صبح 6 بجے ہوتی ہے۔ چونکہ وہ ایک ماں بھی ہیں تو صبح جلدی اُٹھ کر اپنی بیٹی حورین کے لیے لنچ اور ناشتہ بناتی ہیں اور پھر خودہی اُس کو چھوڑنے اسکول بھی جاتی ہیں۔

عائزہ کے ’تین‘ بچے ہیں

عائزہ خان کے دو بچے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں لیکن اداکارہ کا کہنا ہے کہ اُن کے دو نہیں بلکہ تین بچے ہیں جن میں دانش تیمور بھی ایک ہیں۔ انہیں اپنے بچوں اور شوہر کے لیے کوئی بھی کام اپنے ہاتھ سے کرنا بہت پسند ہے۔

عائزہ کے پسندیدہ ساتھی اداکار ’عمران عباس‘ ہیں

عائزہ خان نے متعدد اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ اُن کے پسندیدہ ساتھی اداکار عمران عباس ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیرئیر کے آغاز میں اداکار فہد مصطفیٰ کے ساتھ کئی ڈرامے کیے، انہیں فہد مصطفیٰ کے ساتھ کام کرکے مزہ آیا لیکن جب انہوں نے عمران عباس کے ساتھ ڈرامے کیے تو انہیں کام کرنے میں مزید مزہ آنے لگا کیونکہ عمران اور اُن کے درمیان اچھی انڈراسٹینڈنگ تھی۔ انہیں عمران عباس کے ساتھ بار بار کام کرنا برا نہیں لگتا۔

عائزہ کا فریج ہمیشہ سیب سے بھرا رہتا ہے

عائزہ خان نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کا فریج ہمیشہ ’سیب‘ سے بھرا رہتا ہے۔ اس کی وجہ انہوں نے بتائی کہ یہ حورین اور دانش کا پسندیدہ پھل ہے، حورین روزانہ انہیں لنچ میں ایک سیب دینے کا کہتی ہیں۔

’پیارے افضل‘ اُن کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوا

عائزہ خان نے بتایا کہ اُن کا اب تک کا سب سے اچھا کردار ڈرامہ سیریل ’پیارے افضل‘ میں فرح کا تھا۔ انہیں ایسا لگتا ہے کہ یہی ڈرامہ اُن کے کیرئیر کا اہم موڑ ثابت ہوا ہے۔ اس ڈرامے نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔

ایک بہترین ڈانسر

عائزہ خان ایک بہترین ڈانسر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود کو فٹ رکھنے کے لیے بہت زیادہ ورزش نہیں کرتیں بلکہ ڈانس کرتی ہیں اور اسی لیے وہ فٹ اور صحت مند بھی رہتی ہیں۔ اُن کے خیال میں ڈانس وزن کم کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔

بچوں کی دیکھ بھال کے لیے سیکورٹی کیمرے

عائزہ خان ایک بہت ہی محبت کرنے والی اور بچوں کا خیال رکھنے والی ماں ہیں۔ انہوں نے ہر وقت اپنے بچوں پر نظر رکھنے کے لیے گھر میں سیکورٹی کیمرے لگائے ہوئے ہیں۔

ایک مرتبہ اسکول کےباتھ روم میں بند ہوگئیں تھیں

اداکارہ نے انکشاف کرتے ہوئے مزید بتایا کہ وہ ایک مرتبہ اپنے اسکول کے باتھ روم میں بند ہوگئیں تھیں جس کے بعد وہ اتنا ڈر گئیں کہ انہوں نے اسکول کے باتھ روم میں جانا چھوڑ دیا۔

یہاں تک کہ وہ کالج میں آگئیں لیکن وہ کالج کے باتھ روم میں بھی نہیں جاتی تھیں اور اگر کبھی جانا ہوتا تو وہ اپنی سہیلی کو باہر کھڑا کر کے جاتی تھیں۔

تازہ ترین