تھانہ چمکنی کی حدود میں شاہ پور چوکی کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی غنی خان کی نماز جنازہ پولیس لائنز پشاور میں ادا کردی گئی ۔ نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان سیمت دیگر اعلٰی حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ نے شہید ہونے والے ڈی ایس پی کی میت کو سلامی دی، پھول چڑھائے اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں سی سی پی او پشاور کریم خان نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
ان کا کہناتھا کہ واقعہ صبح ساڑھے نو بجے کے قریب پیش آیا۔ تفتیشی ٹیم کو جائے وقوعہ سے ٹھوس شواہد ملے ہیں ۔ واردات میں دو اقسام کا اسلحہ استعمال کیا گیا۔
کریم خان نے کہا کہ تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کا جلد سراغ لگا لیا جائے گا۔
شاہ پور چوکی کے قریب نامعلوم افراد نے ڈی ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی، جس سے ڈی ایس پی غنی خان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ محافظ اور ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔