• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میشا کی ایک ٹوئٹ نے میری زندگی بدل دی،علی ظفر

کراچی (ایجنسیاں) نامور گلوکار و اداکار علی ظفر کا میشا شفیع کی طرف سے اپنے اوپر لگائے جانیوالے جنسی ہراسانی کے الزامات کے بارے میں کہنا ہے کہ میشا کی ایک ٹوئٹ نے ان کی زندگی بدل دی۔ ایک ٹی وی شو میں علی ظفر نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے لگائے جانے والے جنسی ہراسانی کے الزامات اور ان الزامات کی وجہ سے ان کی زندگی پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔علی ظفر نے بتایا کہ ایک سال کے دوران اس کیس کی وجہ سے انہیں جذباتی اور مالی طور پر بےحد نقصان پہنچا۔علی ظفر نے اس کیس کے ان کی زندگی پر پڑنے والے اثرات کے متعلق بتاتے ہوئے کہا موجودہ دور سوشل میڈیا کا دور ہے اور یہاں ہر انسان کو اپنے حقوق کے بارے میں مکمل آگاہی ہونی چاہیے۔ آپ سوشل میڈیا پر جو بھی کہیں اس کا ایک ایک لفظ سوچ سمجھ کر بولیں کہ کسی کی دل آزاری نہ ہو۔علی ظفر نے کہا کہ صرف ایک ٹوئٹ نے میری 20 سال کی محنت، میرا سارا کام میری زندگی بدل دی۔ یہ کیسی دنیا ہے سوشل میڈیا پر یہ کیا ہورہا ہے۔ اس واقعے کے بعد میں نے طے کیا کہ میں میشا شفیع کو جھوٹا ثابت کروں گا اور یہ بھی ثابت کروں گا کہ آخر انہوں نے یہ الزامات لگائے کیوں۔ میں مثال قائم کرنا چاہتا تھاکہ آگے سے سوشل میڈیا پر کوئی مرد اور کوئی عورت کسی دوسرے مرد یا عورت کی زندگی تباہ نہ کرسکے۔علی ظفر نے بتایا کہ وہ میشا شفیع کے خلاف یہ کیس جیت چکے ہیں اور عدالت نے میشا شفیع کا کیس خارج کردیا ہے۔
تازہ ترین