’’اسٹریٹ اسٹائل ٹرینڈ‘‘ برٹش کلچر سے ماخوذ ہے۔ یوں سمجھ لیں کہ فیشن کی ترویج کے حوالےسے یہ ایک ایساجامع نقطہ نظر ہے، جسے مغربی ڈیزائنرز اور فیشن برانڈز نت نئے اور منفرد اسٹائل متعارف کروانے کے لیے اپناتے ہیں۔ ہالی ووڈ کی سپر اسٹارز بھی اسٹریٹ فیشن دیکھ کر یہ فیصلہ کرتی ہیں کہ اب انہیں اپنے وارڈ روب میں کیا رکھنا ہے اور کیا نہیں۔
چونکہ ہالی ووڈ سیلیبرٹیز کے انداز و اطوار دنیا بھر کے لیے انسپریشن بنتے ہیں اور نت نئے رجحانات جنم لیتے ہیں، لہٰذا اسٹریٹ اسٹائل سے واقفیت بھی ضروری ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ اس وقت اسٹریٹ اسٹائل میں کیا کچھ نیا ہے ۔
ملٹی بیلٹ بیگ
اسٹریٹ اسٹائل میں شولڈر بیگ کا زمانہ پرانا ہوچکا ہے کیونکہ اس کی جگہ خوبصورت’’ملٹی بیلٹ بیگ‘‘ نے لےلی ہے۔ جینز اور فر اسٹائل ڈریس کوڈکے لیے ملٹی بیلٹ بیگ ویسے بھی بہترین اسٹائل مانا جاتا ہے۔کمر کے ساتھ بندھا ملٹی بیلٹ بیگ ایک طرف آپ کی چیزوں کی حفاظت کرتا ہے تو دوسری طرف آپ کے اسٹائل کو ایک مختلف انداز دیتا ہے۔
اس اسٹائل کو اپنانے کے لیے آپ چھوٹے سائز کے نرم ساخت والے ایک کے بجائے دو بیلٹ بیگ کمر کے گرد باندھ سکتی ہیں۔ یہ ٹرینڈ ان خواتین کے لیے خاص طور پر اہم ہے جو اسٹائلش لگنے کے علاوہ ہاتھوں کو شولڈر بیگ سے آزاد رکھنا چاہتی ہیں ۔
شولڈر پیڈ جیکٹس
اسمارٹ نظر آنے والی خواتین میں 80کی دہائی کا مقبول فیشن ’’شولڈر پیڈ جیکٹس‘‘ ایک بار پھر لوٹ آیا ہے۔ شولڈر سے پفی اسٹائل لیے ڈھیلا ڈھالا کوٹ بے حد پتلی کمر کو بھی خوبصورتی کے ساتھ چھپا لیتا ہے۔ یہ ٹرینڈ آفس کے ماحول یا عام تقریبات سمیت کسی بھی موقع کے لیےبآسانی اپنایا جاسکتا ہے۔
اسے آپ سگریٹ ٹراؤزر کے ساتھ پہنیں یا پھر جینز اور ٹاپ کے ساتھ، یہ ہر ایک پربےحد سوٹ کرے گا۔ اس کے علاوہ موسم سرما کے دوران یہ کوٹ مختلف شوخ رنگوں کے ملبوسات کے ہمراہ سردی سے بچنے اور شخصیت میں ایک خاص تاثر پیدا کرنے کے لیے بھی پہنا جاتا ہے۔
منٹ گرین
گزشتہ دو برسوں سے لیونڈر ٹون شیڈبین الاقوامی فیشن انڈسٹری پر چھایا نظر آرہا ہےلیکن اب لیونڈر کے بجائے’منٹ گرین شیڈ‘ اسٹریٹ اسٹائل ٹرینڈ کا حصہ بن گیا ہے۔ تاثیر کے لحاظ سے یہ رنگ ٹھنڈے رنگوں میں شامل ہے، جسے دیکھتے ہی ٹھنڈک کا احساس ہونے لگتا ہے۔
ٹرینڈز میں منٹ گرین کی زبردست رینج اپنائے جانے کے بعد یہی تاثر ابھرتاہے کہ گرین شیڈ کا یہ ہلکا رنگ رواں سال کے آخر تک خواتین میں بڑی شّد و مد سے مقبول رہے گا۔ یہ رنگ آپ کو ملبوسات، کوٹ، جوتوں یہاں تک کہ ایسیسریز میں بھی نظر آئے گا۔
پیسٹل لینس سن گلاسز
موسم سرد ہو یا گرم، سن گلاسز کا فیشن کبھی پرانا نہیں ہوتا۔ سن گلاسز کے لیے پیسٹل کلرز لینس کا انتخاب دو طرح سے فائدہ مند ہے، ایک تو یہ کہ پیسٹل کلرز سن گلاسز کے لیے ٹرینڈ کا حصہ ہیں اور دوسرے ان رنگوں پر مشتمل سن گلاسز کسی بھی رنگ کے لباس اوراسٹائل پر بےحد سوٹ کرتے ہیں۔ (واضح رہے کہ پیسٹل کلر ہلکے اور مدھم رنگوں کو کہتے ہیں)۔
اگر آپ بھی سن گلاسز خریدنے سے متعلق سوچ رہی ہیں تو یہ وقت ہے ریٹرو شیپ سن گلاسز کے انتخاب کا کیونکہ ریٹرو شیپ سن گلاسز کا فیشن اس سیزن ایک بار پھر لوٹ آیا ہے۔ یہ شیپ دوسرے شیپ کی نسبت چہرے پر خاصا بڑا اور متاثر کن محسوس ہوتا ہے، جو آنکھوں کے علاوہ آپ کے رخسار کی ہڈی تک کو ڈھانپ لیتا ہے۔
چین نیکلس
خواتین چونکہ ملبوسات کی طرح جیولری ٹرینڈز سے بھی باخبر رہنا چاہتی ہیں، اسی لیے اسٹریٹ اسٹائل میں جیولری کو بھی خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ اسٹریٹ اسٹائل جیولری ٹرینڈ کی بات کی جائے تو ان دنوں چنکی چین نیکلس ٹرینڈ کا حصہ ہیں۔
نیکلس خواتین کی نیک لائن کو خوبصورت اور پُرکشش بناتا ہے جبکہ چین نیکلس کا انتخاب انھیں ماڈرن اور فیشنسٹا خواتین کی صف میں لا کھڑا کرتا ہے۔ تاہم، اس حوالے سے ایک بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ چنکی چین نیکلس مشرقی آؤٹ فٹ کے بجائےمغربی آؤٹ فٹ پر زیادہ جچتے ہیں۔
پنک شیڈز
پچھلے برس’’لیونڈر‘‘ کو سال کے سب سےپسندیدہ رنگ کا درجہ دیا گیا مگر اس سال یہ اعزاز پنک کے دلکش ہلکے اورگہرے شیڈز کو حاصل رہا ہے، آسکرایوارڈ کی تقریب سے لے کر اسٹریٹ اسٹائل، حتیٰ کہ ہیئر کلرز ٹرینڈ تک زیادہ تر پنک ہی پنک نظر آتا ہے۔ سیلیبرٹیز پنک ڈریسز کے علاوہ ، پنک اسٹریکنگ کروانے پر بھی خاص توجہ دیتی ہیں ۔
امریکا کے ایک مشہور برانڈ کی ڈائریکٹر کیرولائن میجور کے مطابق،اس سیزن پنک کے شوخ، ہلکے اور خوبصورت شیڈز فیشن انڈسٹری کا خاص حصہ بنتے نظر آرہے ہیں۔یہ شیڈ ز نہ صرف آپ کے موڈ کو بہتر رکھتے ہیں بلکہ آپ کی شخصیت کوبھی انفرادیت بخشتےہیں۔
سلور رنگ
گہرے یا ہلکے رنگ کے ملبوسات پر چاندی کا کام اور جیولری میں سلور ٹچ تو ہر دور میں ٹرینڈ کا حصہ رہے ہیں لیکن رواں برس سلور رنگ کے ملبوسات اور ایسیسریز کو اسٹریٹ اسٹائل ٹرینڈ کا حصہ بناکر فیشن کی دنیا میں ایک نیا اضافہ کیا گیا۔
فیشن ایکسپرٹس اس رنگ کی مقبولیت سے متعلق یہاں تک دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ رنگ ٹریفک جام کرنے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ لیکن سلور رنگ کو بطور ٹرینڈ اپنانے کے حوالے سے خاص احتیاط کی ضرورت ہے، جیسا کہ لباس کے لیے صرف سلور رنگ اپنانے سے گریز کیا جائے کیونکہ اس طرح یہ تضحیک کا باعث بھی بن سکتا ہے، اس رنگ کو ڈریسنگ کا حصہ بنانے کے لیے کنٹراسٹ ٹیکسچر اپنائیں مثلاً آپ سلور شوز، سلور ٹراؤز، بیگ یا پھر سلور ٹاپ پہن سکتی ہیں۔ اس رنگ کو مکمل طور پر لباس کا حصہ بنانے سے گریز کریں۔
مندرجہ بالا ٹرینڈز آپ کے پہناوے میں خوبصورت اضافہ ثابت ہوں گے۔