• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشکل وقت نکال لیا، اب آگے بڑھنا ہے: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم عمران خان کااسلام آباد میں تقریب سے خطاب


وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل وقت نکال لیا، اب ہمیں آگے بڑھنا ہے، معیشت کو چلانا ہے تاکہ لوگوں کو روزگار ملے۔

اسلام آباد میں ہوا سے بجلی کی پیداوار کے 310 میگا واٹ منصوبے پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے بعد اپنی معاشی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے ہمیں بہت مشکل وقت سے نکالا، پہلا سال بہت مشکل تھا، کبھی کسی حکومت کو 20 ارب ڈالر کا خسارہ نہیں ملا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں بہت بڑے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا تھا، کبھی کسی حکومت کو اتنے خسارے کا سامنا نہیں کرنا پڑا لیکن میری معاشی ٹیم نے محنت سے مشکل وقت نکالا جس سے معیشت مستحکم ہو گئی، آج 14 ماہ کے بعد معیشت مستحکم ہے اور بغیر کسی سپورٹ کے روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ تو غلط کیا ہو گا کہ برصغیر میں سب سے مہنگی بجلی پاکستان میں ہے، اس کی وجہ صرف مختصر مدت کی منصوبہ بندی ہے، ہمارے اور چین میں یہی بڑا فرق ہےکہ ان کی طویل پلاننگ آگے تک ہے آج ہم سب سے بڑے مسئلے مہنگی بجلی میں پڑے ہوئے ہیں، ہم برصغیر میں سب سے مہنگی بجلی بنا رہے ہیں، ہم نے نہیں سوچا کہ دولت کیسے اکٹھا کریں گے، ایسے ملک کبھی اوپر نہیں جاسکتا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ الیکشن 5 سال کے بعد ہوتے ہیں، لوگ اپنی حکومت میں مختصر مدت کے منصوبے بناتے ہیں کہ وہ مکمل ہو جائیں، پھر ان کی بنیاد پر ووٹ مانگے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ مثبت ہے، ہمارا خسارہ کم اور برآمدات بڑھ رہی ہیں، معیشت مستحکم ہے، روپیہ بغیر کسی سپورٹ کے اوپر جا رہا ہے جب کہ معاشی اشاریے بھی ٹھیک ہو رہے ہیں، اب ہماری سمت درست ہے، ہم نے آگے بڑھنا ہے اور معیشت کو چلانا ہے تاکہ لوگوں کو روزگار ملے۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ چین کا 3 بار دورہ کیا اور ان کے وزراء سمیت تھنک ٹینک سے ملاقات کی، چین نے 30 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، چین نے اقتصادی کامیابی طویل المدتی حکمتِ عملی وضع کر کے حاصل کی، ان کی پالیسیاں طویل مدتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں دیکھنا ہے کہ ہم جو بھی کریں اس سے عام آدمی کی زندگی کیسے بہتر ہو اور ان کے مشکل وقت کو کیسے نکالیں، ہمارا مقابلہ بھارت اور بنگلا دیش جیسے ممالک سے ہے، ہوا سے بجلی نہ صرف ماحول دوست ہو گی بلکہ سستی بھی ہو گی، اس سے پہلے پاکستان میں پن بجلی کے بجائے مہنگے درآمدی ایندھن سے بجلی کے منصوبے لگائے گئے۔

تازہ ترین