• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدلیہ نے نواز شریف کی صحت کی سنگینی کو سمجھا ہے، احسن اقبال

عدلیہ نے نواز شریف کی صحت کی سنگینی کو سمجھا ہے، احسن اقبال


مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عدلیہ نےسابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کو لاحق خطرات کی سنگینی کو سمجھا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کو لاحق خطرات کے باوجود ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے غیر قانونی شرط رکھی گئی، عدلیہ نے اس صورتحال میں معاملے کو سمجھا ہے۔

انہوں نے لاہور ہائی کورٹ کے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کو قابل سماعت قرار دیے جانے عدالتی فیصلے پر اللّٰہ کا شکر ادا کیا۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت نے ایک غیر قانونی شرط عائد کی ہے، حکومت نے آج جو موقف اپنایا اس سے ثابت ہوا وہ اس معاملے پر سیاست کھیلنا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی بنیاد نفرت اور انا پر ہے اور اس نفرت اور انا کے بت ٹوٹ جائیں گے، انسانیت کو سیاست سے جدا کریں، ہم سب پاکستانی ہیں، ہم نے اسی ملک میں سیاست کرنی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ایسا نہ ہو یہ نفرت کی آگ کل خود عمران خان تک پھیل جائے، وفاقی وزراء خود کہہ رہے ہیں کہ پیشگی ازالہ بانڈ کی شرط اپنے سیاسی بیانیے اور ووٹروں کی تسلی کےلیے لگائی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کل کی سماعت میں ای سی ایل سے نام ہٹانے کی حکومت کی غیر قانونی شرط پر فیصلہ آجائے گا۔

ن لیگی رہنما نے وضاحت کی کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ ان کی حکومت کو تاریخی خسارہ ملا، درست بات یہ ہے کہ آپ کی حکومت نے ملے خسارے میں کئی گنا اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جب حکومت چھوڑ کر جائیں گے تو آنے والی حکومت کو تاریخی خسارہ دے کر جائیں گے، میں ان سے کہتا ہوں کہ لوگوں کو گمراہ نہ کریں۔

تازہ ترین