پشاور (نمائندہ جنگ) 33ویں قومی کھیلوں میں آرمی کا فتح کی جانب سفر جاری ہے۔ کھیل ہفتے ختم ہوں گے۔ اختتامی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔ جمعہ کو واپڈا نے آرمی کو1-8 سے شکست دے کر خواتین ہاکی میں گولڈ میڈل جیت لیا، ریلویز نے پنجاب کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فٹبال ایونٹ کے سیمی فائنل میں واپڈا نے پی اے ایف اور نیوی نے آرمی کو شکست دی۔ ٹیبل ٹینس میں مردوں کے ٹیم ایونٹ میں واپڈا نے پہلی، آرمی نے دوسری سندھ اور ریلویز نے تیسری پوزیشن حاصل کی، خواتین ٹیم ایونٹ میں واپڈا پہلے، آرمی دوسرے، خیبر پختونخوا اور پنجاب تیسرے نمبر رہے۔ مردوں کے انفرادی مقابلے میں واپڈا کے محمد رمیض خان پہلے، آرمی کے سلیمان ورک دوسرے، آرمی کے فیضان ظہور اور واپڈا کے عاصم قریشی تیسرے نمبر پر رہے، خواتین انفرادی مقابلوں میں واپڈا کی شبنم جلالی نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ مجموعی طور پر پاکستان آرمی 140 گولڈ، 116سلور، 76برانز میڈلز کے ساتھ پہلے، واپڈا 126 گولڈ، 86 سلور اور 63 برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ نیوی 20 ، گولڈ، 21 سلور اور 14 برانز میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ کراٹے میں واپڈا کی ٹیم مزید پانچ سونے کے تمغے حاصل کرلیے۔ تائیکوانڈو میں آرمی 15سونے، چھ چاندی اور چار کانسی تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ واپڈا9 سونے،8چاندی ، 4کانسی کے تمغوں کے ساتھ دوسرے اور پی اے ایف ایک سونے، چار چاندی اور 12کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ ایتھلیٹکس میں آرمی نے اوور آل ٹرافی جیت لی ہے، آرمی نے خواتین ایونٹ میں 6 گولڈ، 7 سلور، 11 برانز میڈلز، مرد ایونٹ میں 13 گولڈ، 14 سلور، 7برانز میڈلز جبکہ مجموعی طور 19 گولڈ، 21 سلور، 19 برانز میڈلز حاصل کئے۔ واپڈا نے 22گولڈ، 19سلور اور 11 برانز میڈلز جیت کر دوسری جبکہ پی اے ایف نے ایک گولڈ، ایک سلور، چار برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایبٹ آباد میں جمناسٹک میں آرمی کی ٹیم نے پہلی، واپڈا نے دوسری اور پاکستان ریلویز نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ واپڈا کے محمد افضل مقابلوں کے بہترین جماسٹ قرار پائے ۔ واپڈا اور پاکستان آرمی نے رگبی کے مرد و خواتین ایونٹس میں سونے کے تمغے حاصل کئے۔ واپڈا نے پانچ گولڈ، چار سلور، ایک برانز حاصل کرتے ہوئے ٹیبل ٹینس ایونٹ جیت لیا۔ آرمی نے دوسری اور ریلوے نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔