وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف آج جائیں یا کل جائیں، اِس میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمدنےریلوے ہیڈ کوارٹرزمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میں پہلے ہی بتا چکا ہوں کہ سابق وزیراعظم نواز شریف بیرون ملک آج جائیں یا کل جائیں، اِس میں کوئی نئی بات نہیں ہے، اُنہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ آصف زرداری اور فریال تالپور کے معاملات بھی جلد ہی طے پاجائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست اب ختم ہوچکی ہے، اُنہوں نے کہا کہ نوازشریف کےای سی ایل کیس میں جوفیصلہ ہوگا، عدالت کا ہوگا، آصف زرداری سمیت تمام کے تمام پلی بارگین کی طرف جارہےہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نہیں چاہتےکہ چوروں کو کوئی رعایت ملے اِس لیے عمران خان نے کہا پیسے دو اور باہر جاؤ، اِس میں وزیرا عظم نے کو ن سا گناہ کردیا؟
وزیر ریلوے نے کہا کہ نیا سال عمران خان کی حکومت کے لیے اچھا ثابت ہو گاکیونکہ حالات سیاست اور عمران خان کی حکومت کی بہتری کی طرف جارہےہیں، شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی گڈ گورننس کی شروعات ہوچکی ہیں۔
شیخ رشید نے مہنگائی کے حوالے سے کہا کہ مہنگائی ہےاورعمران خان ہرروز مہنگائی کےخلاف میٹنگ کررہےہیں، اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کی مہربانی ہےکہ وہ میری بات سنتےہیں۔
شیخ رشید نے تیزگام ٹرین حادثے پر بات کرتے ہوئے کہاکہ ٹرین کے ہر حادثے کی ذمہ داری خود پر لیتا ہوں،اُنہوں نے کہا کہ غفلت کے مرتکب متعدد لوگوں کو نکالا ہے ، مزید بھی نکلیں گے، وزیر ریلوے نے تبلیغی جماعت کے امیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تبلیغی جماعت کے امیر کا مشکور ہوں کہ سلنڈرز پر پابندی لگا دی گئی ۔
شیخ رشیدنے ریلوے کے نئے میکنزم کے حوالے سے کہا کہ ریلوے کا کوئی میکنزم نہیں لایاجارہا،500 پولیس اہلکار بھرتی کررہےہیںاورحسن ابدال میں اسٹیشن بنا رہےہیں، اُنہوں نےٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے بارے میں کہا کہ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونیوالے صرف دو افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ ہونا باقی ہیں ۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا غلط موسم میں شروع کیا گیا ، دھرنے میں صرف جے یو آئی ف کے کارکن تھے ،دھرنے کے شرکا کی تعداد آہستہ آہستہ کم ہو کر نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھی۔
اُنہوں نے کہاکہ مولانا کو کہاتھا موسم موافق نہیں ہے، اسلام آباد نہ آئیں،مولانا فضل الرحمان کی سیاست ختم ہوچکی ہے،مولانانےکھایاپیا کچھ نہیں، گلاس توڑا 12روپےکا، فضل الرحمان نےواپس جاکرعقل مندی کا مظاہرہ کیا،دھرنےمیں لوگوں کی تعداد دن بدن کم ہورہی تھی، فضل الرحمان کی وجہ سے کوئی حادثہ ہوسکتا تھا، ان کی وجہ سےکشمیر کازکوبہت نقصان پہنچا۔
اُنہوں نے کہا کہ اب سڑکیں بند کرنے کا معاملہ پٹھان برادری خود ہی حل کر لے گی ٹرک کا زیادہ تر کاروبار پٹھان برادری کے پاس ہے ۔
ٹماٹڑ کی قیمت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہا کہ میں شیخ رشید ہوں، شیخ حفیظ نہیں، ٹماٹر 300 روپے کلو نہیں، 220 روپے فی کلو ہے، میں نےخود ایک ہزار روپے کی دھڑی لی ہے۔