• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید پاکستانی سیاست کے شیخ چلی ہیں، نفیسہ شاہ

شیخ رشید پاکستانی سیاست کے شیخ چلی ہیں، نفیسہ شاہ
آصف زرداری نے تو طبی بنیادوں پر ضمانت لینے سے انکار کر دیا ہے، نفیسہ شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو پاکستانی سیاست کا شیخ چلی قرار دے دیا۔ اُن کا کہنا ہے کہ شیخ رشید ہوش کے ناخن لیں اور اپنی گستاخ زبان کو قابو میں رکھیں۔

نفیسہ شاہ نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہیں کہنے کو کچھ نہیں ملا تو آصف زرداری کی پلی بارگین کا شوشہ چھوڑ دیا۔

پی پی رہنما نے کہا کہ آصف زرداری نے تو طبی بنیادوں پر ضمانت لینے سے انکار کر دیا ہے۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری عمران خان حکومت سے کوئی بھی درخواست نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیب ابھی تک آصف زرداری کے خلاف ریفرنس تک دائر نہیں کرسکا، آصف زرداری کو قید رکھ کر تفتیش کے نام پر ان کی صحت سے کھیلاجارہاہے، وہ اتنے بیمار ہیں کہ سرکاری ڈاکٹرز ان کو عدالت تک سفر کا مشورہ نہیں دے رہے۔

یہ بھی پڑھیے: نواز شریف آج جائیں یا کل، کوئی نئی بات نہیں، شیخ رشید

واضح رہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کی سیاست اب ختم ہوچکی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے ای سی ایل کیس میں جو فیصلہ ہوگا، عدالت کا ہوگا، آصف زرداری سمیت تمام کے تمام پلی بارگین کی طرف جارہے ہیں۔

تازہ ترین