• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیبرپارٹی برسراقتدار آکر ڈپورٹیشن کلچر کا خاتمہ کردے گی، شیڈو وزیر داخلہ

لندن (نیوز ڈیسک) شیڈو وزیر داخلہ ڈیان ایبٹ نے گزشتہ روز انڈیپنڈنٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ لیبرپارٹی برسراقتدار آکر ڈپورٹیشن کلچر اور ہوم آفس کی جانب سے لوگوں کا تعاقب کرنے کا سلسلہ ختم کردے گی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارا منشور شائع ہوتے ہی لوگ بھاری اکثریت سے ہمیں کامیاب بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ لیبر پارٹی برسراقتدار آنے کے بعد ہوم آفس کی اوورہالنگ کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ منصفانہ امیگریشن سسٹم کا نفاذ ہماری اولین ترجیح ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں وندرش جیسے اسکینڈل کبھی سامنے نہیں آئیں گے۔ انھوں نے امیگریشن کیلئے کسی طرح کی تعداد کے تعین کو خارج از امکان قرار دیا، تاہم انھوں نے اعتراف کیا کہ پارٹی کے انتخابی منشور پر دستخط ہونے تک آزادانہ نقل وحرکت کے حوالے سے پارٹی کی پوزیشن واضح نہیں ہوگی۔ ہوم آفس کے بارے میں اپنے خیالات کی وضاحت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم اس ڈپارٹمنٹ کو نئی شکل نہیں دیں گے بلکہ اس کے بنیادی اصولوں کو اوورہال کریں گے۔ اس سوال پر کہ کیا اس کا کام لوگوں کو ملک میں آنے سے روکنا اور زیادہ لوگوں کو باہر بھیجنا ہوگا تو انھوں نے کہا کہ اس کا انحصار موثر سسٹم پر ہوگا، جس میں برطانوی اقدار جھلکتی ہوگی اور جس سے یہ ظاہر ہوگا کہ ہمارا معاشرہ کیسا ہے اور مائیگرنٹ ہماری سوسائٹی کی تعمیر وترقی میں کیا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ جب ان سے منصفانہ امیگریشن سسٹم کے بارے میں اپنے خیالات کی وضاحت کرنے کو کہا گیا تو انھوں نے کہا کہ اس کے معنی ایسا سسٹم ہے، جس میں وندرش جیسے اسکینڈل جنم نہ لے سکیں۔ مثال کے طورپر اس کے معنی فیملی اقدار ہیں، اس لئے ہم یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ لوگوں کو اپنی فیملی کے ارکان کی ڈپورٹیشن کاسامنا نہ کرنا پڑے اور لوگ آمدنی کے فرق کا سامنا کئے بغیر اپنی بیویوں کو اپنے ساتھ رہنے کیلئے بلاسکیں، لاسکیں، ہم 2014 کا امیگریشن ایکٹ ختم کرنا چاہتے ہیں جو متنازعہ انوائرمنٹ کی بنیاد ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں صرف چہرے تبدیل کرنے کی مخالف ہوں۔ انھوں نے کہا میں اورپارٹی کے قائد جیرمی کوربن ایک مختلف طرز سے حکومت کے قائل ہیں، ہم صرف چہرے تبدیل کرنے اور نام بدلنے پر یقین نہیں رکھتے، کیونکہ اس سے بنیادی اصول تبدیل نہیں ہوتے۔انھوں نے پارٹی کے منشور کو حتمی شکل اور منظوری دینے کیلئے ہونے والی پارٹی کے سینئر رہنمائوں کے اجلاس کے حوالے سے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اس اجلاس میں پارٹی کی سالانہ کانفرنس میں منظور کی گئی بعض قراردادوں کو رد کردیا جائے۔ انھوں نے یقین ظاہر کیا کہ عام انتخابات میں لیبر پارٹی بورس جانسن کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائے گی۔

تازہ ترین