• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الہٰی کا فضل الرحمٰن پر جوابی وار


اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ کوئی غلط فہمی پیدا نہیں کرسکتا، ہم حکومتی اتحادی ہیں اور رہیں گے۔

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن پر جوابی وار کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ اتحادیوں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوئی سازشی تھیوری کامیاب نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی حقیقت کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیشہ درست بات کی ہے۔

ق لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے معاملے پر جو بھی کہا وہ وزیراعظم عمران خان کے فائدے کے لیے کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھرنوں کے دوران بھی ٹکراؤ روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ ملک کو سیاسی انتشار سے بچانے کے لیے آزادی مارچ دھرنے کے دوران فضل الرحمٰن سے رابطے کیے جو درست ثابت ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھرنے کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیر داخلہ اعجاز شاہ کو جاتا ہے۔

گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو میں پرویز الہٰی نے دعویٰ کیا تھا کہ ’مولانا فضل الرحمٰن نے مفاہمت کے ساتھ دھرنا ختم کیا‘۔

مولانا فضل الرحمٰن نے پرویز الہٰی کے دعویٰ کی پرزور الفاظ میں تردید کی اور حکومت سے ڈیل یا مفاہمت کے تاثر کو یکسر مسترد کردیا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں کیا، جو آج رات 10 بج کر 5 منٹ پر نشر کیا جائے۔

تازہ ترین