• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ تعلیم سندھ نے سرکاری اسکولوں سے شام کی شفٹ ختم کرنے پر عمل در آمد شروع کردیا ہے، سیکریٹری اسکولز سندھ کا کہنا ہے کہ شام کی شفٹ بند ہونے سے بجٹ کے خسارے میں کمی آئے گیکیونکہ شام کی شفٹ میں طلباء کم اور اسٹاف زیادہ ہے۔

صوبہ بھر میں محکمہ تعلیم کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں شام کی شفٹ ختم کرنے پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے، پہلے مرحلے میں سانگھڑ، میرپورخاص، بدین، شہداد پور کے اسکول بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں لاڑکانہ، سکھر، دادو، خیرپور و دیگر اضلاع میں شام کی شفٹ کے اسکول بند کئے جائیں گے۔

سیکریٹری اسکولز احسن منگی نے فون پر رابطہ کرتے ہوئے بتایا کہ شام کی شفٹ کے طلباء کو صبح میں منتقل کیا جارہا ہے، جبکہ شام کی شفٹ کے طلباء کی تعداد انتہائی کم اور اسٹاف کی تعداد زیادہ ہے۔

سیکریٹری اسکولز کا مزید کہنا تھا کہ شام کی شفٹ کے اسکول بند ہونے سے تعلیمی بجٹ میں خسارے میں بھی کمی آئے گی، جبکہ اس رقم سے اسکولوں کی بہتری کے لیے دیگر کام کرایا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے دو ماہ قبل شام کی شفٹ کے اسکول بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تازہ ترین