• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

عمران صرف مولا جٹ کے ولن کا کردار ادا کرسکتے ہیں، احسن اقبال

اسلام آباد،لاہور (نمائندہ جنگ ،آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہزارہ موٹروے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر جس میں غیر ملکی خصوصا چینی بھی موجود تھے نقلیں اتارکر اور گالی گلوچ کر کے عمران احمد نیازی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ حکمرانی کے لائق نہیں، وہ صرف فلم مولا جٹ کے سیاسی ولن کاکنٹینر والا کردار ہی ادا کر سکتے ہیں۔

جبکہ پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ بلاول کے پاس جو ورثہ ہے وہ ان کا کردار ہے، عمران خان اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وسابق وزیرداخلہ احسن اقبال نےپیر کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہزارہ موٹروے کی افتتاحی تقریب کے موقع پرعمران خان نے جس طرح نقلیں اتاریں اس سے ثابت ہوا کہ وہ حکمرانی کے لائق نہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ کی فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو


ادھر فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران اور پاکستان اب ساتھ نہیں چل سکتے،آپکے جانے کے دن آگئے، اس ملک کی تاریخ بڑی کھلی پڑی ہے جو بھی کرپشن ہوئی چھپی نہیں ہے.

بلاول بھٹو کے ورثے ہیں ان کی سیاست ہے، پوری دنیا اس عظیم سیاستدان کو مان رہی ہے،عمران خان کی حکومت ٹوٹ چکی ہے، بہت جلد ختم ہونے والی ہے لمبا عرصہ نہیں چلے گی، خان صاحب کے وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔

بلاول بھٹو کے پاس جو ورثہ ہے ان کا جو کردار ہے ان کی جو سیاست ہے وہ پاکستان کے لوگ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لوگ مان رہے ہیں کہ وہ پاکستان کے ایک عظیم سیاستدان ہیں، بلاول31سال کی عمر میں وہ فیصلے کر رہے ہیں جو 65سال کی عمر میں کسی نے نہیں کئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب اس ملک میں جس نے طاقتوروں کے خلاف، سرمایہ داروں کے خلاف، غیر ملکی قوتوں کے خلاف لڑائی لڑی ہے اس نے قیمت ادا کی ہے، ابھی آپ کے ہاتھوں آپ کی صوبائی حکومتیں جائیں گی، ہم نے بھی آپ کو وقت دیدیا ہے آپ لمبا عرصہ نہیں رہیں گے، اب آپ کے جانے کے دن ہیں۔

تازہ ترین