• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عارف والا، گھوٹکی، مظفر گڑھ میں حادثات، 17 افراد جاں بحق

پنجاب کے علاقے عارف والا، مظفر گڑھ اور سندھ کےشہر گھوٹکی میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 17 افراد جاں بحق اور 23 افراد زخمی ہو گئے۔

پنجاب کے ضلع پاکپتن کی تحصیل عارف والا کے چک 17 ای بی کے قریب ٹریفک حادثے میں 9 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کوسٹر اور منی ٹرک کے درمیان تصادم ہوا ہے ،جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ادھرپنجاب ہی کے شہر مظفر گڑھ میں لوڈر گاڑی، مسافر وین اور موٹر سائیکل میں ٹکر ہو گئی، اس حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق روہیلاں والی کے قریب مسافر وین تیز رفتاری سے اوور ٹیک کرتے ہوئے لوڈر گاڑی اور موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔

جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد میں سے اکثر مسافر وین پر سوار تھے، وین علی پور سے مظفر گڑھ کی جانب جا رہی تھی، لاشوں اور زخمیوں کو دیہی مرکزِ صحت روہیلاں والی منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: لاہور اور شیخو پورہ میں حادثات، 1 ہلاک، 3 زخمی

دوسری جانب سندھ کے شہر گھوٹکی کےقریب ایم فائیو موٹر وے پر تیز رفتار بس الٹنے سے آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 3 خواتین جاں بحق اور بچی سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں سے 2 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

پولیس کے مطابق بنوں سے کراچی جانے والی بس کو سکھر ملتان موٹر وے پر حادثہ پیش آیا، ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث تیز رفتار بس گھوٹکی کے قریب الٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔

حادثے کے بعد ایمبولینسیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچ گئیں، حادثے میں متاثرہ افراد کو میرپور ماتھیلو کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین