وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد کو راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (آر آئی سی) سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
شیخ رشید کو گزشتہ روز دل کی تکلیف کے باعث آر آئی سی منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی اینجیو گرافی سمیت دیگر ٹیسٹ کیے تھے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے ڈسچارج کرنے سے قبل میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر کیانی نے شیخ رشید کا معائنہ کیا جس کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی۔
ڈاکٹروں کی جانب سے شیخ رشید کو مکمل آرام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شیخ رشید کی طبیعت ناسازی پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں انہیں گیسٹرک ٹربل کے باعث سینے میں درد کی تشخیص کی گئی تھی۔
شیخ رشید کا اپنی طبیعت ناسازی سے متعلق کہنا تھا کہ میں خیریت سے ہوں، ای سی جی سمیت دیگر ٹیسٹ کیے گئے ہیں جو بالکل کلیئر ہیں۔