آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
ہفتہ9؍ربیع الثانی1441ھ 7؍دسمبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

بانیٔ ایم کیو ایم نے بھارت میں پناہ کی درخواست دیدی: مصطفیٰ کمال

پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بانیٔ ایم کیو ایم نے بھارت میں سیاسی پناہ کی درخواست دی ہے، شکر کرتا ہوں کہ 3 سال قبل کی گئی میری پریس کانفرنس صحیح ثابت ہوئی۔

چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل وزیرِ اعظم عمران خان کی تقریر سے انتہائی مایوسی ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے چیف جسٹس اور آئندہ چیف جسٹس کا نام لے کر کہا کہ عدالتی نظام کو بہتر کریں، اس وقت عدالتی نظام بہتر تھا جب حکومت کی حمایت میں فیصلے آ رہے تھے، عدالتیں اپوزیشن کے خلاف فیصلہ دیں تو وہ ٹھیک ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی سے کشمور اور کشمور سے کشمیر تک کے نوجوانوں کو کہتا ہوں کہ میرے ساتھ آئیں، ہم ملک ٹھیک کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے دامن کرپشن سے پاک ہیں، آنے والا وقت پاک سر زمین پارٹی کا ہے، وزیرِ اعظم کا مدت پوری کرنا ضروری نہیں ہے، بس جمہوریت باقی رہنی چاہیے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ مجھے اب کوئی امید نظر نہیں آتی کہ ملک میں کچھ بہتری ہو گی، نواز شریف کو علاج کے لیے ملک سے باہر بھیجنے کا فیصلہ عدالتوں کا تھا مگر وزیرِ اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ انہوں نے رحم کیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک میں آئینی بحران ہے، وزیرِ اعظم نے بلاول بھٹو زرداری کی نقل اتار دی، اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ سندھ کے وزیر اعلیٰ سے بات نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے پہلے دورۂ کراچی کے بعد کہا تھا کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ بنگالیوں و افغانیوں کے شناختی کارڈ ہیں، اس کے باوجود کراچی کو 162 ارب روپے نہیں دیئے گئے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عوام اداروں کو نہیں ملک کو بچائیں گے، اس حکومت سے وابستہ تمام امیدیں ختم ہو گئی ہیں، عمران خان کے دور میں ظلم انتہا کو پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی کی جاگیر نہیں ہے، یہ ملک ایسے نہیں چلے گا، سندھ کے بچوں کو کتے کاٹ رہے ہیں، جس کی ویکسین نہیں، لوگ بیماریوں سے مر رہے ہیں، مہنگائی عروج پر پہنچ گئی، غریب مر رہا ہے مگر اس حکومت کو اپنی اجارہ داری کی پڑی ہے، ملک اس طرح نہیں چلے گا، ملک چلانے والوں کو اب اس بات کا فیصلہ کرنا چاہیے۔

ایم کیو ایم سے متعلق انہوں نے کہا کہ بانیٔ ایم کیوایم نے بھارت میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی ہے، شکر کرتا ہوں کہ 3 سال قبل میری کی گئی پریس کانفرنس بالکل صحیح ثابت ہوئی، بانیٔ ایم کیو ایم مہاجروں کے نام پر سیاست کر رہے تھے، ان کے بھارت سے مدد مانگنے کے بیان پر کسی مہاجر کے گھر پر پولیس نہیں گئی، مہاجروں پر سے بانیٔ ایم کیو ایم کا ٹیگ ہٹ چکا ہے۔

قومی خبریں سے مزید