• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ یونین میں آبادی کے اعتبار سے سب سے بڑے ملک جرمنی کے مختلف شہروں میں رواں ماہ کی تیس تاریخ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے 52ویں یوم تاسیس کے حوالے سے متعدد تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) جرمنی کے صدر سید زاہد عباس شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا 52 واں یوم تاسیس 30 نومبر کو جرمنی کے مختلف شہروں میں پُرجوش طریقے سے منایا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق اس حوالے سے مرکزی تقریبات جرمنی کے دارالحکومت برلن، مالیاتی دارالحکومت فرینکفرٹ اور اپنی تعلیم و تحقیق کی جامعات کے لیے مشہور شہر گوئٹنگن میں منعقد ہوں گی۔

زاہد عباس نے بتایا کہ 30 نومبر 1967 کو قائم ہونے والی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس تجدید عہد کا دن ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ یوم تاسیس کا دن صرف پیپلز پارٹی کے لیے اہم نہیں بلکہ اس جماعت نے پاکستانی عوام کو جمہوریت کا تصور اور نظریہ دیا ہے۔ زاہد عباس کے بقول قائد اعظم نے کہا تھا پاکستان میں پارلیمانی جمہوریت ہوگی لیکن بدقسمتی سے آمریت نے پارلیمانی جمہوریت کو سبوتاژ کر دیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کی طرف جاری کردہ بیان کے مطابق زاہد عباس نے کہا ہے کہ جمہوریت کی حفاظت کے لیے جیالے کارکنوں نے بہت کچھ کھویا ہے، جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں، پھانسی کے پھندے پر چڑے، کوڑے کھائے، جیلیں کاٹیں، جمہوری نظام کی بالادستی کے دشمنوں نے بھٹو خاندان کو شہید کیا لیکن جیالوں نے اس جمہوری نظام کی مشعل کو بھجنے نہ دیا۔

پیپلز پارٹی جرمنی کے صدر کے بقول’یوم تاسیس میں ہمیں اپنے قائدین و رہنماؤں کی کمی کا افسوس اور درد ہوتا ہے لیکن یہ دن قیادت کی بہادر اور باصبر شخصیت کو بھی یاد دلاتا ہے۔‘انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے سالمیت کی سیاست کا اعلیٰ ترین معیار قائم کیا اور جمہوریت کے لیے جدوجہد کے ساتھ بڑی مثال قائم کی۔

 پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ اب ان کے بچے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری عوام کی خدمت اور پی پی پی کے جھنڈے کو بلند رکھتے ہوئے اپنی والدہ اور نانا کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے کارکن  30 نومبر کو پارٹی کا یوم تاسیس بہترین انداز میں منائیں گے۔

تازہ ترین